دنیا میں امن کے لیے پاکستان کا مثبت کردار

لاہور(بیوروچیف)یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ایم ٹی) کے شعبہ سیاسیات و بین الاقوامی تعلقات کے زیرِ اہتمام امریکہ، اسرائیل اور ایران کے درمیان بڑھتی کشیدگی اور اس کے پاکستان و مشرقِ وسطیٰ پر اثرات کے موضوع پر خصوصی سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جس میں ممتازدفاعی ماہرین، سفارتکار، دانشوروں اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔تقریب میں چیئرمین و صدر یو ایم ٹی ابراہیم حسن مراد، سابق سفیر جوہر سلیم، ایئر کموڈور (ر) خالد چشتی، معروف کالم نگار و تجزیہ کار اوریا مقبول جان، مذہبی سکالر آصف حمید اسرار، چیف ایڈوائزر یو ایم ٹی لیفٹیننٹ جنرل (ر) جاوید حسن اور چیئرپرسن شعبہ سیاسیات و بین الاقوامی تعلقات ڈاکٹر عثمان عسکری سمیت دیگر ماہرین نے شرکت کی اور اپنے خیالات کا اظہار کیا۔اپنے خطاب میں ابراہیم حسن مراد نے کہا کہ موجودہ عالمی کشیدگی کے تناظر میں پاکستان کی قیادت خطے میں امن کے فروغ اور تنازعات کے حل کے لیے اہم اور مثبت کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشرقِ وسطیٰ میں نئی صف بندیاں خطے میں بڑے جغرافیائی و سیاسی تغیرات کا پیش خیمہ ثابت ہو رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل کی جانب سے امتِ مسلمہ میں انتشار پیدا کرنے کی کوششوں کے پیش نظر مسلم ممالک کو باہمی اتحاد کو فروغ دینا ہوگا۔ایئر کموڈور (ر) خالد چشتی نے علاقائی سیکیورٹی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عالمی کشیدگی کے باعث پاکستان کو معاشی، توانائی، تجارتی اور میری ٹائم سیکیورٹی سمیت متعدد چیلنجز کا سامنا ہو سکتا ہے جن سے نمٹنے کے لیے جامع حکمتِ عملی کی ضرورت ہے۔دوسری طرف معروف تجزیہ کار اوریا مقبول جان کا کہنا تھا کہ موجودہ عالمی صورتحال کے پیشِ نظر عرب ممالک اپنی معیشت، سفارتی ساکھ اور علاقائی مفادات کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کریں گے۔سابق سفیراور انسٹی ٹیوٹ آف ریجنل سٹڈیز کے صدر جوہر سلیم نے مشرقِ وسطیٰ کی بدلتی ہوئی سیاسی صورتحال پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اسرائیل گزشتہ کئی دہائیوں سے ایران کو ایٹمی طاقت بننے سے روکنے کی کوشش کر رہا ہے، جبکہ موجودہ کشیدگی عالمی معیشت کے لیے بھی ایک بڑا چیلنج بن چکی ہے۔نامور مذہبی سکالر آصف حمید اسرار نے خیالات کا اظہا ر کرتے ہوئے کہا کہ امتِ مسلمہ کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اتحاد، بصیرت اور استقامت کے ساتھ آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔ سیمینار کے اختتام پر چیئرمین و صدر یو ایم ٹی ابراہیم حسن مراد نے مہمانانِ گرامی میں یادگاری سووینئرز تقسیم کیے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں