فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (FIA)فیصل آباد نے انسانی اسمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے ایک منظم گروہ کو بے نقاب کر دیا اور متعدد پاکستانی لڑکیوں کو بیرون ملک اسمگل ہونے سے بچا لیا، تفصیلات کے مطابق، FIAٹیم نے SHO/SIاجمل حسین کی سربراہی میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے تاندلیانوالہ کے علاقے فیصل ٹائون میں چھاپہ مارا، جہاں سے ملزم اورنگزیب ولد رانجھا کو گرفتار کر لیا گیا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزم ایک منظم انسانی اسمگلنگ نیٹ ورک کا اہم رکن ہے، جو اپنے ساتھیوں بابر گجر، عرفان گجر اور تنویر احمد کشور کے ساتھ مل کر کارروائیاں کرتا تھا۔تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزمان پاکستانی لڑکیوں کو پرکشش ملازمتوں کا جھانسہ دے کر دبئی منتقل کرتے تھے، جہاں پہنچنے کے بعد ان کے پاسپورٹس ضبط کر لیے جاتے اور انہیں زبردستی غیر قانونی سرگرمیوں، میں ملوث کیا جاتا تھا۔کارروائی کے دوران ملزم کے قبضے سے 3 پاکستانی پاسپورٹس اور 2موبائل فونز (آئی فون 15پرو میکس اور انفینکس X6850) برآمد ہوئے، جن میں پاسپورٹس، ویزا اور ایئر ٹکٹس کی تصاویر سمیت اہم شواہد موجود تھے۔ تمام برآمد شدہ اشیا کو تحویل میں لے لیا گیا ہے۔ اس واقعہ کا مقدمہ نمبر 147/2026درج کر کے پاسپورٹ ایکٹ 1974اور انسدادِ انسانی اسمگلنگ ایکٹ 2018کے تحت قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ گرفتار ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ اس کے دیگر ساتھیوں اور بیرون ملک موجود ایجنٹس کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔




