دارالعلوم جامعہ نعیمیہ میں حج تربیتی پروگرام کا انعقاد

لاہور(بیوروچیف)عازمین حج کو مناسک حج اور روضہ رسول پر حاضری کے آداب کے حوالے سے عملی تربیت فراہمی کی گئی۔ عازمین حج کو میقات سے احرام باندھنے، نیت کرنے اور مناسک حج کی ادائیگی کا مکمل طریقہ سکھایا گیا۔ معروف ٹرینرزمفتی محمد مدنی اور مفتی محمد احمد نے وقوف عرفہ، مزدلفہ میں قیام، جمرات کو کنکریاں مارنے کا شرعی طریقہ بتایا۔صفا و مروہ کی سعی، مقام ابراہیم کی زیارت اور روضہ رسول پر حاضری کے آداب بھی سکھائے گئے۔قربانی کرنے، سر منڈوانے یا بال کٹوانے، طواف وداع، حجر اسود کا بوسہ دینے کے مسنون طریقے سے بھی آگاہ کیا گیا۔ علمائے کرام کاکہناتھاکہ حج سے پہلے تربیت حاصل کرنا عازمین کیلئے انتہائی ضروری ہے تاکہ وہ سعودی عرب پہنچ کر احسن طریقے سے فریضہ حج ادا کر سکیں۔حج تربیتی پروگرام میں عازمین کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور مناسک حج، عمرہ اور روضہ رسول پر حاضری کے آداب کے حوالے سے تفصیلی رہنمائی حاصل کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں