داتا گنج بخش کی تعلیمات فلاح کا ذریعہ ہے

لاہور(بیوروچیف)نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ حضرت علی ہجویری المعروف حضرت داتا گنج بخش کی لازوال صوفیانہ تعلیمات امن، رواداری اور روحانی روشنی کا پیغام دیتی ہیں اور لاہور میں ان کا مزارِ اقدس روحانی رہنمائی کا ایک روشن مینار ہے، جہاں ہر سال لاکھوں عقیدت مند حاضری دیتے ہیں۔ انہوں نے یہ بات مزار پر حاضری کے موقع پر کہی جہاں سیکرٹری/چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ اور ایڈمنسٹریٹر داتا دربار محمد علی خان نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر احسان بھٹہ نے انہیں مزار کی توسیع اور تزئین و آرائش کے جاری منصوبے پر تفصیلی بریفنگ دی جس میں سامنے کے صحن کی تعمیر، جدید خودکار سایہ دار چھتریوں کی تنصیب، چار کنال رقبہ کی مسماری اور سترہ کنال اراضی کے حصول شامل ہیں۔نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے پنجاب حکومت بالخصوص وزیر اعلیٰ مریم نواز اور چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان کو اس تاریخی منصوبے پر سراہا اور اسے ایک بصیرت افروز اور عوام دوست اقدام قرار دیا جو زائرین کے لیے سہولیات کو بہتر بنانے اور ان کے روحانی تجربے کو مزید بامعنی بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔انہوں نے ترقیاتی کاموں کی رفتار، اعلی معیار اور مربوط منصوبہ بندی پر اطمینان کا اظہار کیا اور متعلقہ اداروں کو ہدایت دی کہ کام کو مزید تیز کیا جائے اور جولائی میں ہونے والے عرس سے قبل اہم منصوبے مکمل کیے جائیں۔ اس موقع پر سیکرٹری اوقاف اور انتظامیہ کے ہمراہ اسحاق ڈار نے فاتحہ خوانی کی اور ملک کی ترقی، اتحاد اور استحکام کے لیے خصوصی دعائیں کیں، جبکہ اس امر کا اعادہ کیا کہ اس نوعیت کے انقلابی اقدامات صوفیائے کرام کے روحانی ورثے کی گہری وابستگی کا مظہر ہیں اور مذہبی سیاحت کے فروغ، زائرین کی سہولت اور امن و ہم آہنگی کے عالمی پیغام کو اجاگر کرنے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں