لاہور (بیوروچیف)صوبائی وزیر قانون پنجاب رانا محمد اقبال خان نے مسیحی برادری کو ایسٹر کے تہوار کے موقع پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اور عوام مسیحی برادری کی خوشیوں میں برابر کے شریک ہیں اور یہ خوشی کا موقع پورے ملک کے لیے باعثِ مسرت ہے۔ رانا محمد اقبال خان نے کہا کہ ایسٹر امید، خوشی اور نئے عزم کا پیغام دیتا ہے، جو ہمیں ایک بہتر اور پرامن معاشرے کی تشکیل کے لیے مل کر آگے بڑھنے کی ترغیب دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک ایسی ریاست ہے جو اقلیتوں کے تحفظ، مساوات اور مذہبی آزادی کے اصولوں پر قائم ہے۔ صوبائی وزیر قانون نے کہا کہ ایک دوسرے کی خوشیوں میں شریک ہونا بھائی چارے اور قومی یکجہتی کو فروغ دیتا ہے۔ انہوں نے مسیحی برادری کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پاکستان کی ترقی اور استحکام میں ہمیشہ اہم کردار ادا کیا ہے۔




