مکوآنہ (نامہ نگار) سی ای او ایجوکیشن فیصل آباد نے حکومتی احکامات کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی کرتے ہوئے مکوآنہ کے مختلف نجی تعلیمی اداروں کو سیل کر دیا اور ان کی رجسٹریشن بھی منسوخ کر دی۔ تفصیلات کے مطابق کارروائی کے دوران چک نمبر 229آر بی، مکوآنہ میں قائم پانچ نجی اسکولوں کو سیل کیا گیا۔ سیل کیے جانے والے اداروں میں الشہباز پبلک ہائیر سیکنڈری سکول (بوائز)، الشہباز گروپ آف سکولز (گرلز)، اورینٹل سکول سسٹم، الرحمن پبلک ہائی سکول اور الائیڈ سکول شامل ہیں۔ حکام کے مطابق یہ کارروائی حکومتی ہدایات کی خلاف ورزی، قواعد و ضوابط پر عملدرآمد نہ کرنے پر عمل میں لائی گئی۔ سی ای او ایجوکیشن نے واضح کیا کہ کسی بھی تعلیمی ادارے کو قانون سے بالاتر نہیں سمجھا جائے گا اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ ضلع بھر میں نجی اسکولوں کی کڑی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے تاکہ طلبہ کو بہتر اور معیاری تعلیمی ماحول فراہم کیا جائے۔




