مبینہ پولیس مقابلے،1ڈاکو ہلاک،دوسرا زخمی حالت میں گرفتار

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) جڑانوالہ اور تاندلیانوالہ کے علاقوں میں مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران ریکارڈ یافتہ 1ڈاکو ہلاک’ دوسرا زخمی حالت میں گرفتار’ فائرنگ کے تبادلہ میں کانسٹیبل بری طرح زخمی ہو گیا، جبکہ ان کے 7ساتھی رات کی تاریکی میں موقع سے فرار ہو گئے، پولیس نے نعش اور زخمیوں کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق دو مسلح ڈاکو نے 59چک قبرستان کے قریب شہری سے واردات کی، اطلاع پر گشت پر مامور ایگل سکواڈ موقع پر پہنچی تو ڈاکوئوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی۔ ایگل سکواڈ نے 15پر مقابلہ کی اطلاع کرتے ہوئے تعاقب کیا تو ملزمان کی فائرنگ سے کانسٹیبل علی رضا گولی لگنے سے زخمی ہو گیا۔ ایس ایچ او نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے اور فائرنگ کا تبادلہ رُکنے پر ایک ملزم مردہ حالت میں پڑا تھا جسکی شناخت سیف اﷲ ولد طارق سکنہ 204 رب کے نام سے ہوئی جو کہ ریکارڈ یافتہ اور پولیس کو 31 وارداتوں میں مطلوب تھا جبکہ اس کا ساتھی رات کی تاریکی میں فرار ہو گیا۔ علاوہ ازیں دوسرا مبینہ مقابلہ تھانہ سٹی تاندلیانوالہ کے علاقہ 425 گ ب کے قریب ہوا جہاں پر انچارج انوسٹی گیشن امتیاز احمد زیرحراست ملزم ظفر عرف بگو کو ریکوری کے بعد واپس لا رہی تھی۔ جب وہ 425 گ ب کے قریب پہنچے تو موٹرسائیکلوں پر سوار چھ مسلح افراد نے پولیس پارٹی پر حملہ کر کے ملزم کو چھڑا لیا۔ اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او تھانہ سٹی تاندلیانوالہ نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے۔ تاہم فائرنگ کا سلسلہ رُکنے پر پولیس پارٹی نے سرچ آپریشن کیا۔ ظفر عرف بگو اپنے ہی ساتھیوں کی گولیوں کا نشانہ بن کر زخمی حالت میں پڑا تھا، تاہم پولیس نے مضروب کو ہسپتال منتقل کر کے اس کے ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں