کراچی(سپورٹس نیوز) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد یوسف نے حیدرآباد کنگزمین کی ٹیم کی حالیہ کارکردگی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ جس نے بھی یہ ٹیم بنائی ہے وہ یا تو اس وقت سویا ہوا تھا، یا اس نے کچھ بھی نہیں سوچا بس ٹیم منتخب کرلی۔نجی چینل کے اسپورٹس شو میں بات کرتے ہوئے سابق کپتان محمد یوسف نے کہا کہ میری سمجھ سے باہر ہے کہ کس طرح یہ ٹیم بنائی ہے، حیدرآباد کنگزمین کی ٹیم میں کتنے انڈر 19 کھلاڑی ہیں اور کچھ کھیلے ہوئے بھی نہیں ہے، میں نام بھی پہلی بار دیکھ رہا ہوں۔انہوں نے کہا کہ طیب عارف کو ابھی تک نہیں کھلایا گیا، یہ ہمارے کیمپ میں تھا، انڈر 19 پتہ نہیں کھیلا بھی ہے کہ نہیں، سعد علی باہر سے آیا ہے، ایک آل رانڈر بھی آیا ہے حماد اعظم، انہوں نے کہا کہ جس نے بھی ٹیم بنائی ہے سوچ سمجھ کر نہیں بنائی۔واضح رہے کہ گزشتہ روز پی ایس ایل 11 کے 15ویں میچ میں پشاور زلمی نے حیدرآباد کنگزمین کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 4 وکٹوں سے شکست دے دی تھی۔




