رشمیکا مندانا کو سالگرہ پر قیمتی بنگلے کا تحفہ مل گیا’ اداکارہ کی خوشی دوبالا

ممبئی (شوبز نیوز) سائوتھ انڈین فلم انڈسٹری کی اداکارہ رشمیکا مندانا کو 30ویں سالگرہ پر بنگلہ تحفے میں مل گیا جس سے ان کی خوشی دوبالا ہوگئی۔رشمیکا مندانا نے حال ہی میں اپنی 30ویں سالگرہ خاندان کے ہمراہ منائی جو اس وقت مزید یادگار بن گئی جب ان کے والد نے انہیں سیرینیٹی نامی بنگلہ تحفے میں دے کر حیران کیا۔اداکارہ نے 26 فروری کو ادے پور میں ایک نجی تقریب کے دوران اداکار وجے دیوراکونڈا سے شادی کی۔ اس سادہ سی شادی میں صرف قریبی دوستوں اور خاندان کے افراد نے شرکت کی تھی، بعدازاں جوڑے نے 4 مارچ کو حیدر آباد میں ایک شاندار استقبالیہ دیا جس میں فلم انڈسٹری کی معروف شخصیات نے شرکت کی۔شادی کی تقریبات کے فورا بعد رشمیکا مندانا نے 5 اپریل کو اپنے پیاروں کے ساتھ اپنی 30ویں سالگرہ منا کر ایک اور یادگار لمحہ تخلیق کیا۔ان کے آبائی شہر وراجم پیٹ کے قریب منعقدہ خصوصی تقریب کے دوران رشمیکا مندانا کے والد نے سب کو یہ اعلان کر کے حیران کر دیا کہ وہ اپنی بیٹی کو ایک بنگلہ تحفے میں دے رہے ہیں۔وراجم پیٹ کے قریب واقع اس پراپرٹی کا نام سیرینیٹی رکھا گیا ہے۔ اعلان نے اداکارہ کو جذباتی کر دیا کیونکہ شادی کے فورا بعد اپنے والد کی طرف سے یہ ان کیلیے ایک بہت ہی متاثر کن اور خوبصورت تحفہ تھا۔سالگرہ کی یہ تقریب ایک کنونشن سینٹر میں منعقد کی گئی تھی جہاں رشتہ دار اور مقامی کمیونٹی کے افراد اس خوشی میں شریک ہوئے۔چونکہ شادی کے بعد یہ رشمیکا مندانا کی پہلی سالگرہ تھی اس لیے یہ تقریب خاندان کیلیے خاص اہمیت کی حامل تھی۔ تقریب کو ثقافتی رنگ دینے کیلیے اداکارہ نے کوڈوا برادری کا روایتی لباس زیب تن کیا جو ان کی جڑوں اور ورثے کی عکاسی کرتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں