ممبئی (شوبز نیوز) بولی ووڈ کی تاریخ میں کئی بار ایک فیصلے نے کسی گمنام ستارے کو بلندیوں پر پہنچا دیا تو کبھی کسی سپر اسٹار کے زوال کی وجہ بنا۔ ایسا ہی کچھ 90 کی دہائی کی مقبول اداکارہ جوہی چالہ کے ساتھ ہوا جس نے کرشمہ کپور کی تقدیر بدل دی تھی۔بولی ووڈ میں کامیابی کا دارومدار صرف ٹیلنٹ پر نہیں بلکہ درست وقت پر درست فیصلے پر بھی ہوتا ہے۔90 کی دہائی میں جب جوہی چالہ اپنی معصوم مسکراہٹ اور بہترین کامک ٹائمنگ کی وجہ سے فلم نگری پر راج کر رہی تھیں، تب ان کی ایک تکنیکی غلطی اور ہدایت کار کے ساتھ تلخ کلامی نے ان کے کیریئر کا رخ موڑ دیا۔یہ کہانی ہے 1996 کی بلاک بسٹر فلم راجہ ہندوستانی کی، جو جوہی کے ہاتھ سے نکل کر کرشمہ کپور کی جھولی میں جا گری۔ اس غلطی کا اداکارہ کو آج تک پچھتاوا ہے۔عامر خان اور جوہی چالہ کی جوڑی قیامت سے قیامت تک اور ہم ہیں راہی پیار کے جیسی فلموں کی کامیابی کے بعد باکس آفس میں کامیابی کی ضمانت سمجھی جاتی تھی۔عامر خان اس فلم کو پہلے ہی سائن کر چکے تھے، اسی لیے ہدایت کار دھرمیش درشن اپنی نئی فلم راجہ ہندوستانی کے لیے جوہی کو ہی کاسٹ کرنا چاہتے تھے۔فلم میں ایک امیر باپ کی معصوم بیٹی کے کردار کے لیے جوہی ان کا پہلا اور بہترین انتخاب تھیں۔ تاہم، جب دھرمیش درشن نے کہانی کے ساتھ جوہی سے رابطہ کیا تو چیزیں ان کی توقع کے بالکل برعکس سامنے آئیں۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسکرپٹ پر بات چیت کے دوران جوہی چالہ اور دھرمیش درشن کے درمیان اختلافات پیدا ہو گئے۔دھرمیش درشن اپنی فلموں میں تفصیلات پر سمجھوتہ نہیں کرتے تھے اورسیٹ پر کافی سخت جانے جاتے تھے۔




