سوشل میڈیا پر نکاح کی تصاویر وائرل ہونے پر رمشا خان کا شدید برہمی کا اظہار

کراچی (شوبز نیوز) پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ رمشا خان نے سوشل میڈیا پر اپنی نکاح کی تصاویر وائرل ہونے پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے جہاں میڈیا پورٹلز کو آڑے ہاتھوں لیا، وہی خوشحال خان کے ساتھ اپنی شادی کی خبروں کی بھی بالواسطہ تصدیق کر دی ہے۔حال ہی میں رمشا خان اور خوشحال خان کی شادی کی چند تصاویر سوشل میڈیا پر گردش کر رہی تھیں، جس پر ردعمل دیتے ہوئے اداکارہ نے انسٹاگرام اسٹوری پر ایک وضاحتی بیان جاری کیا۔رمشا خان کا کہنا تھا کہ ان کی اجازت کے بغیر تصاویر کا منظرِ عام پر آنا نہ صرف غیر اخلاقی ہے بلکہ یہ ان کی پرائیویسی کی کھلی خلاف ورزی بھی ہے۔اداکارہ نے واضح کیا کہ ان کی ذاتی تصاویر ان کی رضامندی کے بغیر شیئر کی گئیں جو کہ انتہائی تکلیف دہ اور غیر پیشہ ورانہ عمل ہے۔ اداکارہ نے ویوز کے چکر میں نجی لمحات کو خبریں بنانے والے انسٹاگرام پیجز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا یہ ہماری زندگی ہے، آپ کی سرخیاں نہیں، رمشا خان نے تمام پیجز سے مطالبہ کیا ہے کہ ان کی تصاویر کو فوری طور پر ہٹایا جائے اور آئندہ انہیں کہیں بھی ری پوسٹ نہ کیا جائے۔ اداکارہ نے اپنے مداحوں کو یقین دلایا کہ وہ اپنی زندگی کے اس نئے سفر سے متعلق تفصیلات مناسب وقت آنے پر خود شیئر کریں گی، جس سے ان کی اور خوشحال خان کی شادی سے متعلق جاری قیاس آرائیوں پر مہرِ تصدیق ثبت ہوگئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں