فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) جی سی ویمن یونیورسٹی فیصل آباد شعبہ ہیلتھ اینڈ فزیکل ایجوکیشن کی طالبہ حفصہ نوید نے حیدرآباد میں منعقدہ نیشنل باکسنگ چیمپئن شپ 2026میں گولڈ میڈل جیت لیا۔ حفصہ نوید نے قومی سطح پر پنجاب کی نمائندگی کرتے ہوئے انڈر 60کلوگرام ویٹ کیٹیگری انڈر (22سال) عمر کے گروپ میں حصہ لیا اور بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف کھلاڑیوں کو شکست دی۔ ان کی یہ کامیابی قومی سطح پر ان کا پہلا گولڈ میڈل ہے جبکہ مجموعی طور پر یہ ان کا چوتھا گولڈ میڈل ہے۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کنول امین (تمغہ امتیاز) نے اس کامیابی کو ادارے کے لیے باعثِ افتخار قرار دیا۔ اور کہا کہ جی سی ویمن یونیورسٹی نہ صرف تعلیمی میدان میں بلکہ کھیلوں کے میدان میں بھی نمایاں کارکردگی دکھا رہی ہے اور یہ کامیابی یونیورسٹی کے لیے ایک اہم سنگِ میل قرار دی جا رہی ہے ۔انتظامیہ نے بھی اس کامیابی پر خوشی اور فخر کا اظہار کرتے ہوئے طالبہ، اساتذہ اور شعبہ ہیلتھ اینڈ فزیکل ایجوکیشن کو مبارکباد پیش کی ہے۔




