لاہور (بیوروچیف) مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کے ساتھ ممبر اسلامی نظریاتی کونسل پاکستان صاحبزادہ حافظ محمد امجد کی ملاقات۔ مسلم لیگ (ن) علما ومشائخ ونگ پنجاب میں مزید فعال بنانے کی حکمت عملی ترتیب دینے پر اتفاق کیا گیا۔ صاحبزادہ حافظ محمد امجد نے علما ومشائخ ونگ پنجاب کے مسائل سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر مسلم لیگ (ن) علما ومشائخ ونگ پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل حافظ محمد رضوان عابد بھی موجود تھے۔ اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے کہا کہ صاحبزادہ حافظ امجد نے قرآن وسنت کی تعلیمات کے فروغ کیلئے گرانقدر خدمات سرانجام دیں اور وہ اسلامی اقدار کی پاسداری کیلئے کوشاں ہیں۔ ممبر اسلامی نظریاتی کونسل کی حیثیت سے بھی ان کی خدمات قابل تحسین ہیں۔ ملاقات کے دوران صاحبزادہ حافظ محمد امجد نے کہا کہ انشاء اﷲ میں ہر موقع پر اپنے قائدین کے اعتماد پر پورا اتروں گا اور مسلم لیگ (ن) علماء ومشائخ ونگ کے پلیٹ فارم سے ہر موقع پر متحرک کردار ادا کریں گے۔




