فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) گرمی شروع ہوتے ہی فیصل آباد سمیت دیگر شہروں میں بدترین لوڈشیڈنگ کا سلسلہ شروع ہو گیا’ شدید گرمی کے باعث بار بار بجلی کی بندش کے باعث شہری بلبلا اُٹھے’ فیسکو کو 400 میگاواٹ شارٹ فال کا سامنا ہے، ہر گھنٹہ بعد بجلی کی بندش سے رات گزارنا مشکل ہو گیا’ بجلی نہ ہونے کی وجہ سے پانی کا بحران بھی سر اُٹھانے لگا۔ تفصیل کے مطابق فیصل آباد سمیت دیگر شہروں میں فیسکو کی جانب سے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ عروج پر پہنچ چکا ہے۔ شدید گرمی کے باعث ہر گھنٹہ بعد بجلی کی بندش سے بچے’ بوڑھے’ خواتین اور مرد رات بھر سو نہ سکے۔ فیسکو کی ابتر صورت حال کے باعث بجلی کا شارٹ فال 400 میگاواٹ تک جا پہنچا۔ جسکی وجہ سے لوڈشیڈنگ کا دورانیہ مزید بڑھ گیا۔ شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ حکومت بجلی کی قیمتوں میں آئے روز اضافہ’ بجلی کے میٹروں کا کرایہ کی مد میں کروڑوں بلکہ اربوں روپے ہر ماہ وصول کرتی ہے لیکن فیسکو اور دیگر الیکٹرک کمپنیاں اپنے سسٹم کو اپ گریڈ نہیں کرتی جسکی وجہ سے ہر سال بجلی کی لوڈشیڈنگ کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اب حکومت نے رات 8 بجے مارکیٹیں’ بازار اور رات 10 بجے ہوٹل’ ریسٹورنٹ بھی بند ہو رہے ہیں اور اس کے باوجود فیسکو کو لوڈشیڈنگ کرنا پڑتی ہے۔ گزشتہ شب بدترین لوڈشیڈنگ نے شہریوں کی زندگی اجیرن کر دی۔ فیسکو ترجمان کا کہنا ہے کہ گزشتہ شب 400 میگاواٹ بجلی کی شارٹ فال کا سامنا تھا جسکی وجہ سے لوڈشیڈنگ کی گئی تاہم اب سسٹمبہتر ہو رہا ہے اور لوڈشیڈنگ میں بھی کمی آئے گی۔




