فیصل آباد میں میٹروبس منصوبہ ہر صورت مکمل ہوگا،عابد شیر علی

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما’ سینیٹر چوہدری عابد شیر علی کی فیصل آباد پریس کلب آمد، اس موقع پر گروپ لیڈر شاہد علی، صدر بلال ڈوگر، سیکرٹری شوکت وٹو، سینئر نائب صدر میاں کاشف فرید، چیئرمین الیکشن کمیٹی میاں بشیر اعجاز، سابق صدر مقبول احمد لودھی، عبدالرحمن گجر، سید عزدار حسین، نائب صدر زاہد محمود ڈوگر ، محمد کاشف سمیت دیگر عہدیداران اور صحافیوں کی بڑی تعداد نے انکا استقبال کیا۔ چوہدری عابد شیر علی نے میڈیا سے گفتگو کے دوران میٹرو بس منصوبے کے حوالے سے اہم اعلان کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ میٹرو بس کا پراجیکٹ ہر صورت مکمل ہوگا اور یہ فیصل آباد کے عوام کا بنیادی حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب خود اس منصوبے کی نگرانی کر رہی ہیں اور اس کی تکمیل کو یقینی بنایا جائے گا۔ سینیٹر عابد شیر علی کا مزید کہنا تھا کہ میٹرو بس منصوبہ شہر کی ترقی اور عوام کو جدید سفری سہولیات فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا، اور حکومت اس منصوبے کو ہر حال میں پایہ تکمیل تک پہنچائے گی۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر چوہدری عابد شیر علی نے کہا کہ جس طرح دیگر اضلاع میں سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، اسی طرح فیصل آباد کے صحافیوں کو بھی تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کے فضل سے آج پاکستان کو عالمی سطح پر جو عزت و وقار حاصل ہوا ہے، ماضی میں اس کی مثال نہیں ملتی، اور ملک نے اپنے دشمنوں کو موثر جواب دے کر اپنی حیثیت منوائی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان سفارتی محاذ پر تنہائی سے نکل کر ایک مضبوط اور باوقار ریاست کے طور پر ابھر رہا ہے، جبکہ چین، سعودی عرب اور ایران جیسے دوست ممالک نے مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دے کر دوستی کا حق ادا کیا۔ انہوں نے مسلم لیگ (ن) کی قیادت کو ملک کی ترقی اور وقار سے جوڑتے ہوئے نواز شریف کو پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے کا کریڈٹ دیا اور کہا کہ موجودہ قیادت ملک کو معاشی استحکام کی جانب لے جا رہی ہے۔ انہوں نے عوام کے صبر کو سراہتے ہوئے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود قوم نے برداشت کا مظاہرہ کیا، جو قابل تحسین ہے۔ مزید برآں انہوں نے فیصل آباد میں صحافی کالونی اور ہائیکورٹ بینچ کے قیام کی ضرورت پر زور دیا اور تمام سیاسی قیادت کو اس حوالے سے مشترکہ کردار ادا کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے میٹرو بس اور 100 گرین بسوں کے منصوبے کو وزیراعلیٰ مریم نواز کا وژن قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبے عوام کو سستی اور معیاری سفری سہولیات فراہم کریں گے، جبکہ گھنٹہ گھر کی بیوٹیفکیشن سے شہر کو جدید اور خوبصورت شکل دی جائے گی۔ آخر میں گروپ لیڈر شاہد علی صدر بلال ڈوگر سیکرٹری شوکت وٹو سینئر نائب صدر میاں کاشف فرید نائب صدر زاہد محمود ڈوگر، محمد کاشف ،فنانس سیکرٹری رانا محسن فاروق جوائنٹ سیکرٹری علی ملک عبد الرحمن گجر عزدار حسین عابدی، سینئر صحافی زاہد مان اور کابینہ نے دیگر عہدیدران نے پریس کلب کے مختلف شعبہ جات کا دورہ بھی کروایا، جہاں انہوں نے صحافتی خدمات کو سراہا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں