صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات،عبداللہ پور قبرستان میں فاتحہ خوانی کیلئے جانا مشکل

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) جھمرہ روڈ پر واقع عبداﷲ پور والے قبرستان میں صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات’ قریبی ملوں وصنعتی یونٹس کا تیزابی پانی بھی قبرستان کی دیوار کے ساتھ جمع ہونے لگا، قبروں کے مسمار ہونے کے واقعات بھی متعلقہ حکام کو خواب غفلت سے بیدار نہ کر سکے’ اہل علاقہ کا صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار’ ملوں’ فیکٹریوں کے تیزابی پانی کو قبرستان میں جانے سے روکنے اور صفائی ستھرائی کی صورتحال بہتر بنانے کا مطالبہ۔ تفصیل کے مطابق عبداﷲ پور والا قبرستان جھمرہ روڈ پر صفائی ستھرائی کی صورتحال ابتر ہو چکی ہے، یہاں پر جگہ جگہ کوڑا کرکٹ کے ڈھیر لگے نظر آتے ہیں، بدلتے موسم میں درختوں سے گرنے والے پتوں کے ڈھیر بھی جگہ جگہ لگے نظر آتے ہیں جبکہ قریبی ملوں اور فیکٹریوں کا تیزابی پانی بھی قبرستان کے باہر نظر آتا ہے، صورتحال کی ابتری کا اندازہ اس بات سے بھی بخوبی لگایا جا سکتا ہے کہ یہاں پر فاتحہ خوانی کے لیے آنیوالے لوگوں کو شدید پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے، قبرستان میں مچھروں کی بہتات ہونا بھی لمحہ فکریہ ہے اور یہاں پر اپنے پیاروں کی قبروں پر فاتحہ خوانی کے لیے آنیوالے لوگوں کا ڈینگی وائرس میں مبتلا ہونے کا خدشہ ہے’ یہ بات خوش آئند ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف نے صوبہ بھر میں قبرستانوں کی حالت زار بہتر بنانے کیلئے احکامات جاری کئے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ سے اپیل ہے کہ وہ اس پر مکمل عملدرآمد کریں اور جھمرہ روڈ پر واقع عبداﷲ پور والے قبرستان سمیت تمام قبرستانوں میں صحت وصفائی کے مثالی انتظامات کئے جائیں اور ملوں وصنعتی یونٹس کے مالکان کو پابند کیا جائے کہ وہ جھمرہ روڈ پر قبرستان کے قریب پانی نہ چھوڑیں تاکہ قبرستان میں اپنے عزیزوں کی قبروں پر جانیوالے لوگوں کو مشکلات سے نجات ملے اور ان کے لیے آسانیاں پیدا ہوں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں