فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے ہائوسنگ بیرسٹر سلطان باجوہ نے فیصل آباد کا اچانک دورہ کیا اور ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ پراجیکٹ پر سکیورٹی اقدامات کا جائزہ لیتے ہوئے انہیں تسلی بخش قرار دیا۔ منیجنگ ڈائریکٹر واسا ثاقب رضا اور پراجیکٹ ڈائریکٹر اویس جمال و دیگر افسران بھی موقع پر موجود تھے۔ صوبائی پارلیمانی سیکرٹری نے کہا کہ ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ پراجیکٹ پنجاب میں سب سے بڑا منصوبہ ہے اور پراجیکٹ پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں جس میں پراجیکٹ سائٹ کے اطراف چار دیواری کر کے وائرز لگا دی گئی ہیں اسی طرح سکیورٹی کیمرے نصب کر کے کنٹرول روم بھی قائم کر دیا گیا ہے جبکہ ہر 200میٹرز کے فاصلے پر واچ ٹاور تعمیر کئے گئے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ فارنر انجینئرز اور سٹاف کی سکیورٹی پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔ منیجنگ ڈائریکٹر واسا نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پراجیکٹ پر تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے اور طے کئے گئے ٹائم فریم کے مطابق پراجیکٹ مکمل کرینگے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پراجیکٹ کی تکمیل کے بعد 33ملین گیلن ڈیلی ویسٹ واٹر کو ٹریٹمنٹ کے بعد فصلوں کے لئے کارآمد بنایا جائے گا اور اس کے ساتھ ساتھ شہریوں کو آلودگی سے بھی نجات حاصل ہو گی۔




