لاہور(سپورٹس نیوز) انگلینڈ کے سابق آل رانڈر معین علی نے آئی پی ایل چھوڑ کر پاکستان سپر لیگ پی ایس ایل میں شمولیت پر خاموشی توڑ دی۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق انگلینڈ کے سابق آل رانڈر معین علی کا کہنا تھا کہ کم میچز اور زیادہ کھیلنے کے مواقع میرے فیصلے کی بڑی وجوہات ہیں۔معین علی گزشتہ برس آئی پی ایل کولکتہ نائٹ رائیڈرز کی جانب سے کھیلے تھے، اِنہیں آئی پی ایل میں کھیلنے کے دوران محدود مواقع ملے، انہوں نے صرف 6 میچز کھیلے اور محض 5 رنز بنائے تھے۔معین نے بتایا کہ مجھے آئی پی ایل میں بیٹنگ کے کم مواقع ملے جس کی وجہ سے میں کافی مایوس تھا۔دوران انٹرویو ان کا کہنا تھا کہ میں ہمیشہ سے پی ایس ایل کھیلنے کا خواہش مند تھا لیکن شیڈول کے ٹکرا کی وجہ سے پہلے موقع نہیں مل سکا۔انہوں نے بتایا کہ اب میں اپنے کیریئر کے آخری حصے میں ہوں اور زیادہ سے زیادہ کرکٹ کھیلنا چاہتا ہوں، پی ایس ایل کا مختصر دورانیہ میرے لیے اور میرے خاندان کے لیے زیادہ موزوں ہے۔واضح رہے کہ معین اس وقت کراچی کنگز کا حصہ ہیں اور فرنچائز نے انہیں تقریبا 2.14 کروڑ روپے میں خریدا ہے۔




