فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) تھانہ صدر کے علاقہ ملکھانوالہ روڈ پر مبینہ پولیس مقابلہ میں ریکارڈ یافتہ ڈکیت کو ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا جبکہ اس کے دو ساتھی رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے موقع سے فرار ہو گئے، مضروب کو طبی امداد کی غرض سے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق تھانہ صدر کا اے ایس آئی یعقوب ملازمین کے ہمراہ ریکارڈ یافتہ ڈاکو علی رضا ولد محمد یونس سکنہ 225 رب مدینہ سٹی کو ریکوری کیلئے لے جا رہے تھے کہ جب وہ مدینہ سٹی کے قریب پہنچے تو موٹرسائیکل سوار دو مسلح ڈاکوئوں نے پولیس پارٹی پر حملہ کر کے ساتھی علی رضا کو چھڑا کر فرار ہو گئے۔ تاہم پولیس پارٹی نے ریسکیو15 پر کال کرتے ہوئے ڈاکوئوں کا تعاقب کیا، اسی دوران ڈولفن فورس’ ایلیٹ فورس’ ایس ایچ او تھانہ صدر محمد علی بھی پولیس کی نفری کے ہمراہ 225 رب ملکھانوالہ روڈ پر پہنچے تو ان کا ڈاکوئوں سے آمنا سامنا ہو گیا۔ ڈاکوئوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر کے جھاڑیوں میں چھپ گئے، تاہم جوابی فائرنگ بھی کی گئی تاہم فائرنگ کا تبادلہ رُکنے پر پولیس نے سرچ آپریشن کیا تو علی رضا زخمی حالت میں پڑا تھا جبکہ اس کے ساتھی رات کی تاریکی میں فرار ہو گئے۔ تاہم پولیس نے مضروب کو ہسپتال منتقل کر کے اسکے فرار ہونیوالے ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔




