فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) مسلم لیگ ن کے سابق رکن پنجاب اسمبلی چودھری فقیرحسین ڈوگر نے کہا ہے کہ ماضی میں میاں نوازشریف نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنا کر جبکہ موجودہ وزیراعظم میاں شہباز شریف اورفیلڈمارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان پوری دنیا کی ضرورت بن گیا ہے ثابت ہوگیا ہے کہ سیاسی استحکام اور متحد قیادت ہی پاکستان کو درپیش چیلنجز سے نکال سکتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم شہباز شریف نے ملک کو ڈیفالٹ سے بچایا۔ آج حکومت خود بوجھ برداشت کرکے غریب عوام کو اربوں روپے کی سبسڈی دے رہی ہے۔ ان کاکہناتھاکہ عالمی سطح پر پاکستان کا کردار مزید مضبوط ہو رہا ہے۔ ملک کو ڈیفالٹ سے بچانے میں سیاسی اور عسکری قیادت نے مشترکہ کردار ادا کیا، موجودہ حکومت اور اسٹیبلشمنٹ ایک پیج پر ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اب عالمی سطح پر ایک موثر کردار ادا کر رہا ہے، بھارت کو پاکستان کی افواج نے بھرپور جواب دے کر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ افواج پاکستان نے 5گنا بڑے دشمن کو شکست دی، پاک فضائیہ نے معرکہ حق میں دشمن کے 7جہاز گرا کر بھارت کا غرور خاک میں ملا دیا۔




