فخر زمان نے بابراعظم کو پیچھے چھوڑ دیا

کراچی (سپورٹس نیوز) پی ایس ایل 11 میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف میچ وننگ سنچری اسکور کرکے قلندرز کے اوپنر فخر زمان نے بابر اعظم کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔واضح رہے کہ اس سے قبل کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 9 رنز سے شکست دی، فخر زمان کو شاندار سنچری اسکور کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔فخر زمان نے 103 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی، انہوں نے 50 گیندوں پر 6 چھکوں اور 11 چوکوں کی مدد سے سنچری مکمل کی۔تاہم فخر زمان پی ایس ایل میں سب سے زیادہ مین آف دی میچ حاصل کرنے والے کھلاڑی بن گئے ہیں اور انہوں نے بابر اعظم کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔اوپنر بیٹر نے 103 میچز میں 14 مرتبہ مین آف دی میچ کا اعزاز حاصل کیا ہے جبکہ بابر اعظم 107 میچز میں 9 مرتبہ میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے ہیں، فہرست میں تیسرا نمبر رائلی روسو کا ہے۔واضح رہے کہ لاہور قلندرز کی جانب سے دیے گئے 198 رنز کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم 7 وکٹوں کے نقصان پر 188 رنز بناسکی تھی۔حارث رف نے دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، سکندر رضا، عبید شاہ، اسامہ میر اور شاہین آفریدی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں