فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) جعلی ”سید” بن کر مسجد میں امامت کرتے ہوئے اہل علاقہ سے بھاری نذرانے وصول کرنے والے شخص کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کا مطالبہ۔ تفصیل کے مطابق 277 گ ب جڑانوالہ کے رائے شہزاد احمد ایڈووکیٹ نے ایس ایچ او تھانہ روڈالہ روڈ کو درخواست گزارتے ہوئے بتایا کہ چند سال قبل ہمارے گائوں کے امام مسجد کی وفات کے بعد امام کی ضرورت پیش آئی تو اہل علاقہ نے فیاض حسین ولد اعجاز حسین سکنہ چاہ مالویانوالہ ضلع بھکر سے رابطہ کیا جو کہ عرصہ دراز سے اپنے آپ کو ”سید” اور ”شاہ” کہلواتا اور تسلیم کرتا چلا آ رہا ہے اور اس کو اگست 2023ء میں جامع مسجد نور میں امامت کے طور پر رکھ لیا۔ سید ہونے کی بنا پر اہل علاقہ’ مذہبی وسماجی طور پر اسکو انتہائی عزت واحترام دیا جاتا رہا اور وہ دینی’ مذہبی تقریبات (محافل، عیدین وغیرہ) کے موقع پر اہل علاقہ سے نذرانے وصول کرتا رہا اور مجموعی طور پر اس دوران ایک کروڑ روپے کے لگ بھگ وصول کئے۔ تاہم بعدازاں معلوم ہوا ہے کہ فیاض حسین سید نہیں ہے۔ اس کا حسب ونصب ”جھکڑ کمہار” ہے اور اس شخص نے مالی مفادات اور غیر قانونی طریقے سے لوگوں کی جیبوں سے پیسے نکلوانے کا ڈھونگ رچایا ہوا ہے اور خود کو سید اور شاہ ظاہر کر کے مذہبی جذبات مجروح کئے ہیں۔ اس لئے جعلی سید بن کر اہل علاقہ سے حاصل ہونے والی رقوم کو مسجد کے فنڈز میں جمع کروایا جائے اور اس کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔




