فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایف ڈی اے) اور یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ایم ٹی) لاہور کے مابین ایک مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر باضابطہ دستخط کیے گئے ہیں، جس کا مقصد تعلیمی اداروں اور سرکاری شعبے کے درمیان تعاون کو فروغ دینا اور نظریاتی علم اور عملی صنعتی تجربے کے مابین خلا کو کم کرنا ہے۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کی ہدایت پر چیف انجینئر مہر ایوب اور یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی کی طرف سے ڈین سکول آف انجینئرنگ محمد فرحت کلیم نے معاہدے ایم او یو کی دستاویزات پر دستخط کئے۔ معاہدے کے تحت یو ایم ٹی کے انجینئرنگ طلبہ کو ایف ڈی اے میں موسمِ گرما کی انٹرن شپ کے منظم مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ اس انٹرن شپ کا مقصد طلبہ کو جاری ترقیاتی اور انفراسٹرکچر منصوبوں میں عملی طور پر شامل کرنا ہے تاکہ وہ عملی تجربہ حاصل کر سکیں، اپنی تکنیکی صلاحیتوں کو بہتر بنا سکیں اور سرکاری شعبے میں پیشہ ورانہ امور کی بہتر تفہیم حاصل کر سکیں۔ چیف انجینئر مہر ایوب نے بتایا کہ انٹرن شپ پروگرام کے علاوہ یہ مفاہمتی یادداشت دونوں اداروں کے درمیان طویل المدتی تعاون کے لیے ایک جامع فریم ورک بھی فراہم کرتی ہے۔ تعاون کے اہم شعبوں میں مشترکہ تحقیقی منصوبے، تکنیکی مہارتوں کا تبادلہ، سیمینارز اور ورکشاپس کا انعقاد، اور شہری منصوبہ بندی و انفراسٹرکچر سے متعلق حقیقی مسائل کے حل کے لیے صنعتی نوعیت کے منصوبوں پر عملدرآمد شامل ہیں۔ یو ایم ٹی اور ایف ڈی اے کے حکام نے اس شراکت داری کو جدت، استعداد کار میں اضافے اور پائیدار ترقی کے مشترکہ وژن کی عکاس قرار دیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تعلیمی تحقیق کو عملی نفاذ کے ساتھ ہم آہنگ کر کے نہ صرف طلبہ کی تعلیمی و پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا بلکہ شہری منصوبہ بندی اور عوامی انفراسٹرکچر کے مثر اور مستقبل پر مبنی حل بھی سامنے آئیں گے۔ چیف انجینئر نے کہا کہ یہ اسٹریٹجک اشتراک اعلی تعلیمی اداروں اور سرکاری اداروں کے درمیان بامعنی روابط کے فروغ میں ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔ انہوں نے توقع کا اظہار کیا کہ اس معاہدے سے مستقبل میں تعاون کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، ادارہ جاتی روابط مضبوط ہوں گے اور ترقیاتی شعبے کی بدلتی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے ہنرمند افرادی قوت کی تیاری میں مدد ملے گی۔




