کراچی (شوبز نیوز) پاکستانی اداکارہ سائرہ یوسف ایک بار پھر توجہ کا مرکز بن گئیں، تاہم اس بار وجہ ان کا نیا پراجیکٹ نہیں بلکہ ذاتی زندگی میں اپنایا گیا مثبت اور باوقار رویہ ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق اداکارہ نے 38ویں سالگرہ گھر پر قریبی اہل خانہ کے ہمراہ منائی، جہاں ان کی بیٹی نورے شہروز کیساتھ سابق شوہر شہروز سبزواری اور اداکارہ صدف کنول کی بیٹی زہرہ بھی موجود تھیں۔سائرہ یوسف نے اس موقع پر اہلخانہ کے ساتھ خوشگوار لمحات انسٹاگرام پر شیئر کیے، جنہیں مداحوں کی جانب سے بے حد سراہا گیا۔ خاص طور پر زہرہ کے ساتھ ان کے محبت بھرے اور شفقت آمیز رویئے نے صارفین کے دل جیت لیے۔سوشل میڈیا پر صارفین نے سائرہ یوسف کے طرزِ عمل کو شریک والدین کی مثبت مثال قرار دیتے ہوئے ان کی تعریف کی۔ کئی مداحوں نے انہیں بردباری، وسعت قلب اور جذباتی پختگی کی علامت قرار دیا۔صارفین نے کہا کہ سائرہ یوسف نے ایسے معاشرے میں، جہاں بلینڈڈ فیملی اور شریک والدین کے تصورات کو اکثر تنقید کا سامنا رہتا ہے، ایک خوبصورت اور متاثرکن مثال قائم کی ہے۔




