لندن (سپورٹس نیوز) انگلش ٹیم کے ٹیسٹ کپتان بین سٹوکس حالیہ سرجری کے بعد ایک نئے انداز میں سامنے آئے ہیں، جس نے کرکٹ شائقین کی توجہ اپنی جانب مبذول کر لی ہے۔ انگلینڈ کے ہوم سیزن سے قبل انسٹاگرام اکاونٹ پر جاری کی گئی ویڈیو میں سٹوکس پہلے کے مقابلے میں خاصے دبلے دکھائی دیے۔ انگلش کرکٹ بورڈ کے تعاون سے شیئر کی گئی ویڈیو میں انگلینڈ کرکٹ ٹیم کی نئی کٹس متعارف کرائی گئیں۔ویڈیو میں عادل رشید، مارک ووڈ، گس ایٹکنسن اور بین ڈکٹ سمیت کئی سٹار کھلاڑی موجود تھے، تاہم سب سے زیادہ توجہ بین سٹوکس کی بدلی ہوئی شکل نے حاصل کی۔ یاد رہے کہ رواں سال کے آغاز میں نیٹس سیشن کے دوران ایک گیند سٹوکس کے چہرے پر لگی تھی، جس کے بعد انہیں چہرے کی سرجری کروانا پڑی۔اس واقعے کو یاد کرتے ہوئے سٹوکس نے کہا تھا کہ وہ خوش قسمت رہے کہ کسی بڑے حادثے سے بچ گئے۔اس حوالے سے بین سٹوکس نے سپورٹس ویب سائٹ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ واقعی خوفناک لمحہ تھا، گیند سیدھی میرے چہرے پر آ کر لگی۔ اگر چند انچ ادھر ادھر ہوتی تو شاید آج میں یہ انٹرویو نہ دے رہے ہوتے، میری گال کی ہڈی کے نیچے کافی چوٹ آئی تھی، لیکن خوش قسمتی سے میں محفوظ رہا۔




