شائقین کرکٹ نے بابراعظم کو حقیقی ہیرو قرار دیدیا

لاہور(سپورٹس نیوز) پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز بلے باز بابر اعظم اور اسٹار فاسٹ بالر شاہین شاہ آفریدی کے بیٹے علی یار کے درمیان میچ کے بعد پیش آنے والے خوشگوار لمحات نے سوشل میڈیا پر مداحوں کے دل جیت لیے ہیں۔پی ایس ایل کے ایک اہم میچ میں بابر اعظم اور شاہین آفریدی ایک دوسرے کے مدمقابل تھے، تاہم میچ کے اختتام پر دونوں کھلاڑیوں کے درمیان گہری دوستی اور بھائی چارے کا ایک خوبصورت منظر دیکھنے کو ملا۔اس موقع پر شاہین آفریدی کی فیملی بھی اسٹیڈیم میں موجود تھی اور ان کے ننھے صاحبزادے علی یار بھی اپنے والد کا میچ دیکھنے آئے تھے۔وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بابر اعظم ننھے علی یار کے ساتھ کرکٹ کھیل رہے ہیں۔ علی یار اپنے والد کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے بابر اعظم کو بالنگ کروا رہے تھے، جس پر بابر نے ازراہِ مذاق خود کو ایل بی ڈبلیو آٹ ظاہر کر کے بچے کو خوش کر دیا۔کرکٹ شائقین کے لیے دونوں اسٹارز کے درمیان یہ دوستانہ تعلق ایک خوش آئند منظر تھا۔سوشل میڈیا صارفین اس ویڈیو کو بے حد پسند کر رہے ہیں اور اپنی محبت کا اظہار کر رہے ہیں۔ایک مداح نے لکھا ماشااللہ، یہ بہت ہی پیارا منظر ہے، جبکہ ایک اور صارف نے علی یار کے بالنگ اسٹائل کی تعریف کی۔ بابر اعظم کے چاہنے والوں نے بھی ان کے اس شفقت بھرے رویے کو خوب سراہا اور انہیں ایک حقیقی ہیرو قرار دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں