اسلام آباد (بیوروچیف)وفاقی وزیرِ انفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ معیاری انٹرنیٹ سروس کی فراہمی سے تعلیم اور صحت کے شعبوں میں نمایاں بہتری آئے گی اور فاصلے کم ہوں گے۔یورپی یونین پاکستان بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے شزا فاطمہ نے کہا کہ 2016ء میں 3Gاور 4G انٹرنیٹ سروسز کا آغاز کیا گیا جس کے بعد ملک میں موبائل فون استعمال کرنے والوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ حکومت کو انٹرنیٹ بند کرنے کا کوئی شوق نہیں اور نہ ہی ان کے پاس ایسا کوئی اختیار ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ کیش لیس معیشت میں شفافیت بڑھتی ہے اور دھوکے کے امکانات کم ہوتے ہیں جبکہ ڈیجیٹل پاکستان شہباز شریف کا وژن ہے جس کے تحت ملک کو ڈیجیٹل معیشت کی جانب گامزن کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ انٹرنیٹ کا کردار ہر شعبے میں اہم ہے اور فائیو جی ٹیکنالوجی کے متعارف ہونے سے نہ صرف انٹرنیٹ کی رفتار میں اضافہ ہوگا بلکہ آن لائن کاروبار کو بھی فروغ ملے گا۔




