لاہور( بیورو چیف)مئی 2026 میں2 مکمل چاند نظر آئیں گے جو ایک نایاب فلکیاتی منظر پیش کریں گے۔اس شاندار سلسلے کا آغاز یکم مئی کو فلاور مون سے ہوگا جو پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر کے وقت اپنے عروج پر ہوگا تاہم ماہرین کے مطابق اسے بہترین انداز میں غروب آفتاب کے فوری بعد مشرقی افق پر دیکھا جا سکے گا جب یہ مکمل اور روشن دکھائی دے گا۔فلاور مون کا نام شمالی امریکہ کے مقامی قبائل نے بہار کے موسم میں کھلنے والے پھولوں کی مناسبت سے رکھا تھا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ 2026 کا یہ چاند ایک مائیکرو مون ہوگا یعنی یہ زمین سے نسبتاًزیادہ فاصلے پر ہونے کے باعث عام چاند کے مقابلے میں تقریباً 14 فیصد چھوٹا دکھائی دے سکتا ہے۔مئی کا اختتام بھی اسی طرح ایک اور فل مون کے ساتھ ہوگا، 31 مئی کو بلیو مون نمودار ہوگا جو ایک ہی مہینے میں آنے والا دوسرا مکمل چاند ہونے کی وجہ سے خاص اہمیت رکھتا ہے۔یہ بلیو مون 30 مئی کی رات اور 31 مئی کی صبح بہترین طور پر دیکھا جا سکے گا جبکہ اس کا عروج صبح کے اوقات میں ہوگا، اس نایاب ڈبل لونیشن کے باعث سال 2026 میں مجموعی طور پر 13 فل مونز دیکھنے کو ملیں گے جو عام سالوں کے مقابلے میں ایک زیادہ ہیں۔الغرض پاکستان میں یہ فلکیاتی نظارہ یکم مئی کی شب غروب آفتاب کے بعد مشرقی افق پر دیکھا جا سکے گا جب فلاور مون مکمل روشن حالت میں ہوگا، اسی طرح بلیو مون 30 مئی کی رات اور 31 مئی کی صبح مشرقی افق پر واضح طور پر نظر آئے گا۔




