فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) سیکرٹری لیبر ویلفیئر و ہیومین ریسوسز پنجاب و ڈائریکٹر جنرل لیبر ویلفیئر پنجاب کی ہدایات پر محکمہ محنت کے زیر اہتمام پیشہ ورانہ تحفظ و صحت کے عالمی دن کے موقع پر ایک اہم سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں مختلف سرکاری محکموں، صنعتی اداروں، ماہرین اور مزدور نمائندگان نے شرکت کی۔ سیمینار کا مقصد کام کی جگہوں پر حفاظتی اقدامات کو فروغ دینا اور کارکنوں کی صحت و سلامتی کے حوالے سے آگاہی پیدا کرنا تھا۔ تقریب کے مہمان خصوصی ڈائریکٹر جنرل فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایف ڈی اے) محمد آصف چوہدری تھے جبکہ اس موقع پر ڈائریکٹر لیبر ویلفیئر ویسٹ رائے یاسین سرفراز، چیف ٹریفک آفیسر ناصر جاوید رانا، سابق صدر چیمبر آف کامرس ریحان نسیم بھراڑہ، ڈائریکٹر ایم ٹی ایم ناصر علی ضیا و صنعتوں سے وابستہ دیگر شخصیات موجود تھیں۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے اپنے خطاب میں کہا کہ محفوظ اور صحت مندانہ ماحول ہر کارکن کا بنیادی حق ہے اور اس ضمن میں تمام متعلقہ اداروں کو اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں نبھانا ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ صنعتی ترقی کے ساتھ ساتھ حفاظتی معیارات پر عملدرآمد کو یقینی بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے مزید کہا کہ حادثات کی روک تھام اور پیشہ ورانہ بیماریوں سے بچا کے لیے جدید طریقہ کار اور تربیت کو فروغ دینے کیلئے خاطر خواہ اقدامات ناگزیر ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ آجر اور اجیر دونوں کو حفاظتی اصولوں کی پابندی کرنی چاہیے تاکہ کام کی جگہ کو محفوظ بنایا جا سکے۔




