فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) معمولی جھگڑے پر مسلح افراد کی شہری کے گھر پر فائرنگ’ علاقہ میں خوف وہراس پھیلا دیا اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دیتے ہوئے فرار ہو گئے۔ تفصیل کے مطابق عبداﷲ پور گلی نمبر26 کے رہائشی آصف اقبال ولد محمد اقبال نے ایس ایچ او تھانہ منصور آباد کو درخواست گزارتے ہوئے بتایا کہ 26 اپریل 2026ء کو گھر پر موجود تھا کہ مسلح ملزمان ذیشان عرف شانی’ بلال عرف بالا’ صہیب طیب’ منیب’ سفیان وغیرہ اس کے گھر پر آئے اور دروازہ کھٹکھٹایا، اس نے دروازہ کھولا تو ملزم شانی نے کہا کہ آپکا بھتیجا فرحان گجر اور عاطف کدھر ہے۔ اسکو کہا کہ وہ گھر پر موجود نہیں ہیں جس پر ملزمان نے طیش میں آ کر فائرنگ کر دی۔ خوش قسمتی سے محفوظ رہا اور گیٹ بند کر دیا تو ملزمان نے فائرنگ کر کے علاقہ میں خوف وہراس پھیلا دیا اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دیتے رہے۔ اسی دوران ریسکیو15 پر کال کی، پولیس کے آنے پر ملزمان موقع سے فرار ہو گئے جبکہ ملزم سفیان نے بذریعہ فون پر واٹس ایپ میسج کر کے سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں، جس پر متاثرہ شہری نے ایس ایچ او تھانہ منصورآباد سے مطالبہ کیا ہے کہ ملزمان گرفتار کر کے ان کے خلاف مقدمہ درج کر کے کیفرکردار تک پہنچایا جائے۔




