اسلام آباد(بیوروچیف)ایشیائی ترقیاتی بینک نے خطے میں پاور گرڈز اور بجلی کی تجارت کو فروغ دینے کا اعلان کیاہے۔ اعلامیہ کے مطابق اے ڈی بی 2035تک توانائی اور ڈیجیٹل منصوبوں کیلئے 70ارب ڈالر فراہم کرے گا۔ ایشیائی بینک کی صدر ماساتوکاندا نے اس حوالے سے کہا کہ توانائی اور ڈیجیٹل رسائی ایشیا کے مستقبل کی بنیاد ہیں، پان ایشیا پاور گرڈ انیشیٹو کے تحت قابل تجدید توانائی کی سرحد پار ترسیل میں توسیع کی جائے گی۔ ایشیائی بینک کے مطابق 2035تک پاور انفراسٹرکچر کے لیے حکومتوں اور نجی شعبے سے مل کر 50ارب ڈالر فراہم کیے جائیں گے، پاور گرڈ انیشیٹو میں ٹرانسمیشن، سرحد پار لائنز، سب اسٹیشنز، اسٹوریج اور گرڈ ڈیجیٹلائزیشن کی جائے گی۔ ایشیائی بینک کے مطابق بجلی تجارت سے منسلک قابل تجدید توانائی منصوبوں اور علاقائی رینیوبل کی معاونت کی جائے گی، 2035تک 20گیگاواٹ قابل تجدید توانائی کی سرحد پار انٹیگریشن کا ہدف ہے۔ایشیائی بینک کے مطابق 22ہزار سرکٹ کلومیٹر ٹرانسمیشن لائنز کی تکمیل کا منصوبہ ہے، خطے میں 20کروڑ افراد کے لیے توانائی تک رسائی میں بہتری کا ہدف ہے۔ ایشیائی بینک کے مطابق 8لاکھ 40ہزار نئے روزگار کے مواقع اور پاور سیکٹر کے اخراجات میں 15فیصد کمی کا تخمینہ ہے، اے ڈی بی پاور گرڈ انیشیٹو کے 50ارب ڈالر میں سے نصف خود فراہم کرے گا۔




