لاہور (بیوروچیف) پنجاب حکومت نے اراضی تنازعات نمٹانے کے لیے ثالثی کمیٹیاں تشکیل دے دی ہیں۔بورڈ آف ریونیو پنجاب نے ثالثی کمیٹیوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا اور 30 اپریل سے نافذ قرار دے دیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق زمین کے تنازعات عدالت سے پہلے اسسٹنٹ کمشنر کی ثالثی کمیٹی میں حل ہوں گے، گرداور، نمبردار اور مقامی ممبران بھی شامل ہوں گے۔اسسٹنٹ کمشنر کی سربراہی میں 5 رکنی ثالثی کمیٹی اب زمین کے جھگڑے نمٹائے گی، کمیٹی میں اسسٹنٹ کمشنر، اسسٹنٹ کلکٹر، گرداور، نمبردار اور فریقین کے نامزد 3 ممبر شامل ہوں گے۔پنجاب لینڈ ریونیو ایکٹ 1967 کے تحت ثالثی کمیٹی کو سیکشن 151(2) کے تنازعات کا اختیار مل گیا۔ثالثی کمیٹیوں کو 30 دن کے اندرزیر التوا مقدمات میں کمی اور فوری انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانے کا ٹاسک دیا گیا ہے، بورڈ آف ریونیو پنجاب میں نگرانی سیل بھی قائم کردیا گیا۔




