ہارڈ شپ ٹرانسفر سی ای او ایجوکیشن آفس میں ناقص انتظامات،اساتذہ خوار

ٹھیکریوالہ (نامہ نگار)ہارڈ شپ ٹرانسفر کے لیے درخواست گزار اساتذہ کو سیکرٹری ایجوکیشن کی ہدایت پر آن لائن انٹرویو کے لیے صبح 11:00 بجے سی ای او ایجوکیشن فیصل آباد آفس طلب کیا گیا، تاہم انتظامات کی کمی کے باعث اساتذہ کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ اساتذہ کو پورا دن شدید گرمی میں انتظار کروایا گیا جبکہ نہ مناسب بیٹھنے کا انتظام موجود تھا اور نہ ہی پینے کے پانی کی سہولت فراہم کی گئی۔ اس دوران اساتذہ، خصوصا خواتین، درختوں کے سائے تلے وقت گزارنے پر مجبور رہیں۔متاثرہ اساتذہ کا کہنا تھا کہ وہ دور دراز علاقوں سے اپنے جائز حق کے حصول کے لیے آئے تھے، لیکن انہیں بنیادی سہولیات تک فراہم نہیں کی گئیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ جب انتظامات مکمل نہیں تھے تو اساتذہ کو سکول اوقات میں کیوں طلب کیا گیا، جبکہ پہلے ہی بورڈ امتحانات کے باعث تعلیمی اداروں میں اساتذہ کی کمی ہے اور کلاسیں خالی پڑی ہیں۔مزید برآں، انٹرویوز کا آغاز مغرب کے وقت ہونے پر اساتذہ نے سیکیورٹی اور واپسی کے مسائل پر بھی تشویش کا اظہار کیا، خاص طور پر خواتین اساتذہ کے لیے رات کے وقت سفر کو خطرناک قرار دیا گیا۔ایجوکیشن رائٹس کمیشن پاکستان کے عہدیداران چیرمین محمد اسلم بٹ،رانا شاہد مقرب،مرزا ذوالفقار،حافظ نجف،نواز گجر،علی اویس ورک،رانا شاہد خاں،رانا اشفاق خاں،میاں طاہر،طارق سندھو،میاں رضوان و دیگر نے اس صورتحال پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اساتذہ قوم کے معمار ہیں اور ان کے ساتھ ایسا غیر ذمہ دارانہ رویہ ناقابل قبول ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جن معاشروں میں اساتذہ کی عزت و تکریم نہیں کی جاتی، وہ کبھی ترقی نہیں کر سکتے۔انہوں نے حکام بالا سے مطالبہ کیا کہ آئندہ ایسے معاملات میں بہتر انتظامات کو یقینی بنایا جائے.اور وقت کے مطابق کام مکمل کیا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں