فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) ٹریفک حادثات میں دو لڑکیاں جاں بحق جبکہ تین افراد بری طرح زخمی ہو گئے، پولیس نے نعشیں تحویل میں لیکر ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر کے حادثات کے مرتکب ڈرائیورز کی تلاش شروع کردی۔تفصیل کے مطابق بلوچنی کے علاقہ60ر۔ب کے رہائشی امین کا کم سن بیٹا رامش مسیح اپنی 10سالہ ہمشیرہ کشف کے ہمراہ موٹر سائیکل پر پانی کی کین لینے جا رہا تھا کہ ستیانہ روڈ پر پہنچا تو نجی کمپنی کی بس نے تیز ہارن بچایا تو وہ ڈر کر گر پڑے تو بس سڑک پر گرنے والی 10سالہ کشف دختر انیس کے اوپر سے گذر گئی اور وہ موقع پر ہی زندگی کی بازی ہار گئی جبکہ دوسرا حادثہ نشاط آباد کے علاقہ میراں والا بنگلہ کے قریب پیش آیا جہاں نبیل فیصل اپنی ہمشیرہ اور بھانجی نشرہ طیب کے ہمراہ موٹر سائیکل پر جا رہا تھا ،میراں والہ بنگلہ مین روڈ پر تیز رفتار ڈمپر کی ٹکر لگنے سے تینوں گر کر بری طرح زخمی ہو گئے ، جنہیں تشویشناک حالت میں ہسپتال لایا گیا جہاں پر8سالہ نشرہ طیب زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسی، پولیس نے نعشیں قبضہ میں لیکر ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر کے حادثات کے مرتکب ڈرائیورز کی تلاش شروع رک دی۔




