لاہور (سپورٹس نیوز) قومی ٹیم کے لیگ سپنر اسامہ میر نے محمد رضوان کو ان کے بیان پر آڑے ہاتھوں لے لیا۔ پی ایس ایل 11 میں راولپنڈیز کے کپتان محمد رضوان نے پریس کانفرنس کے دوران کہا تھا کہ حیدرآباد کنگزمین کی ٹیم پلے آف میں جانے کی مستحق نہیں تھی۔ محمد رضوان کی ٹیم راولپنڈیز نے ٹورنامنٹ میں 10 میچ کھیلے اور صرف 1 کامیابی حاصل کی۔ حیدرآباد کنگزمین نے آخری لیگ میچ میں راولپنڈیز کو 108 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر بہتر رن ریٹ کی بنیاد پر لاہور قلندرز کو پیچھے چھوڑتے ہوئے پلے آف کے لیے کوالیفائی کیا تھا جبکہ فائنل میں کنگزمین کو پشاور زلمی سے شکست ہوئی۔ مقامی سپورٹس پلیٹ فارم سے گفتگو میں اسامہ میر نے محمد رضوان کے بیان پر ردعمل دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں رضوان کی پریس کانفرنس سے بہت مایوس ہوا ہوں، انہوں نے خود اچھی کرکٹ نہیں کھیلی پھر بھی وہ کہہ رہے ہیں کہ دوسرے اس کے مستحق نہیں ہیں، کیا آپ اس کے مستحق تھے؟ یہ فیصلہ کرنے والے آپ کون ہوتے ہیں۔ اسامہ میر نے کہا کہ آپ کی اپنی ٹیم پورے ٹورنامنٹ میں 100 کے قریب آئوٹ ہوتی رہی ہے، یہ کس قسم کے ریمارکس ہیں، پہلے تو آپ نے خود بری کرکٹ کھیلی اور پھر آپ پریس کانفرنس کرتے ہیں جیسے آپ نے کوئی غیرمعمولی کامیابی حاصل کی ہو۔




