لاہور (سپورٹس نیوز) پاکستان کے جواں سال سٹار فاسٹ بائولر شاہین شاہ آفریدی نے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے ایک نیا ریکارڈ قائم کر دیا اور کرکٹ تاریخ میں اپنا نام مزید مضبوط کر لیا۔ بنگلہ دیش کے خلاف ڈھاکہ میں ہونے والے ٹیسٹ میں انہوں نے ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ میں اپنی 100 وکٹیں مکمل کیں اور یہ کارنامہ انجام دینے والے پہلے پاکستانی بولر بن گئے۔ تفصیلات کے مطابق ڈھاکہ میں جاری پہلے ٹیسٹ میچ کے دوران بائیں ہاتھ کے تیز گیند باز شاہین شاہ آفریدی نے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں اپنی سنچری وکٹوں کا سنگ میل عبور کیا اور مجموعی طور پر 100 شکار مکمل کر کے ایک اہم کامیابی اپنے نام کی۔ شاہین آفریدی نے اپنی اس یادگار وکٹ کے ذریعے بنگلہ دیش کے اوپنر محمود الحسن جوئے کو پویلین بھیجا، اور اس طرح وہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کی تاریخ میں 100 وکٹیں لینے والے پہلے پاکستانی فاسٹ بائولر بننے میں کامیاب ہو گئے۔چھبیس سالہ شاہین آفریدی اس سنگ میل کے ساتھ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں 100 وکٹیں مکمل کرنے والے دنیا کے مجموعی طور پر 19ویں بولر بھی بن گئے ہیں، جو ان کی مستقل کارکردگی کو ظاہر کرتا ہے۔




