بیجنگ(مانیٹرنگ ڈیسک)چین کی نیو انرجی گاڑیوں کی پیداوار، فروخت اور برآمدات میں رواں سال اپریل کے دوران نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ میڈیارپورٹس کے مطابق چائنا ایسوسی ایشن آف آٹوموبائل مینوفیکچررز کے تازہ ترین اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ اپریل میں چین کی نیو انرجی گاڑیوں کی پیداوار، فروخت اور برآمدات میں مستحکم اضافہ ہوا ۔اپریل میں ان گاڑیوں کی پیداوار اور فروخت بالترتیب 1.32 ملین اور 1.344 ملین یونٹس تک پہنچ گئی جو سالانہ بنیادوں پر 5.5 فیصد اور 9.7 فیصد اضافے کو ظاہر کرتی ہے جبکہ نیو انرجی گاڑیوں کی فروخت کا تمام گاڑیوں کی فروخت میں تناسب 53.2 فیصد رہا۔ اپریل میں 4.3 لاکھ نیو انرجی گاڑیاں برآمد کی گئیں جو کہ سالانہ بنیادوں پر 110 فیصد کا اضافہ ہے۔ رواں سال جنوری سے اپریل تک چین نے 1.384 ملین نیو انرجی گاڑیاں برآمد کیں جو سال بہ سال 120 فیصد زیادہ ہیں۔




