سکولوں’ یونیورسٹیوں کے لیے ایکشن پلان تیار

اسلام آباد (بیوروچیف)قومی اسمبلی میں ایس ڈی جیز (پائیدار ترقی کے اہداف) کی پارلیمانی ٹاسک فورس کی کنوینر و رکن قومی اسمبلی شائستہ پرویز کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں”ہم ہیں پاکستان”ایس ڈی جی یوتھ مہم کے تحت اسکولوں اور یونیورسٹیوں کے لیے ایکشن پلان کو حتمی شکل دے دی گئی۔اجلاس میں بیرسٹر دانیال چوہدری، وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات، اور وجیہہ قمر، وفاقی وزیر مملکت برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت و دیگر اراکین پارلیمنٹ نے شرکت کی۔بیرسٹر دانیال چوہدری نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صرف لائحہ عمل ترتیب دینا کافی نہیں، بلکہ طلبہ کو عملی طور پر فیصلہ سازی اور عملدرآمد میں شامل کرنا ہی اس مہم کی کامیابی کی کنجی ہے۔اجلاس میں تعلیم عملی اقدام کے مربوط ماڈل کو منظوری دی گئی، جس کا مقصد طلبہ کو معاشرتی تبدیلی کا فعال کردار بنانا ہے۔یہ مہم ایس ڈی جی پارلیمانی ٹاسک فورس، انٹرنیشنل گورننس اینڈ سسٹین ایبلٹی انسٹی ٹیوٹ (آئی جیـایس آئی)، یونائیٹڈ پیس کیپرز فیڈرل کونسل (یو این پی کے ایف سی) اور وزارت وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کے اشتراک سے چلائی جائے گی۔یہ کوشش پاکستان کے پانچ سالہ معاشی منصوبے “اڑان پاکستان” کے تحت 5E فریم ورک (برآمدات، ایـپاکستان، ماحولیات، توانائی و انفراسٹرکچر، مساوات اور بااختیاری) کے ساتھ ہم آہنگ ہے اور ایجنڈا 2030 کی جانب پاکستان کی پیشرفت میں معاون ثابت ہوگی۔محترمہ شائستہ پرویز نے بتایا کہ اس مہم کے تحت طلبہ کی زیرِ قیادت ایس ڈی جی کلب، اساتذہ کیلئے تربیتی ماڈیولز، اور مختلف اسکولوں کے درمیان عملی منصوبوں کا انعقاد کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں