بینکاک (مانیٹرنگ ڈیسک)تھائی لینڈ کی پولیس نے ایک دہائی کے دوران سمگل شدہ ہاتھی دانت کی سب سے بڑی کھیپ پکڑنے کا دعوی کیا ہے۔غیرملکی میڈیا نے تھائی حکام کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ یہ گروہ فیس بک کے ذریعے افریقی ہاتھیوں کے دانت فروخت کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔تھائی لینڈ کے اینٹی وائلڈ لائف ٹریفکنگ حکام کا کہنا تھاکہ یہ کارروائی تھائی لینڈ کے سات مختلف صوبوں میں کی گئی۔پولیس نے نو تھائی شہریوں کو گرفتار کیا ہے جن پر الزام ہے کہ وہ فیس بک پر ایک پرائیویٹ گروپ چلا رہے تھے جہاں افریقی ہاتھیوں کے دانتوں کی تشہیر کی جاتی تھی۔پولیس کے ماحولیاتی جرائم کے ڈویژن سے وابستہ پٹومپونگ تھونگ چیمرون نے اے ایف پی کو بتایا یہ گزشتہ 10 برسوں میں ہمارے قبضے میں آنے والی ہاتھی دانت کی سب سے بڑی 3 لاکھ ڈالر مالیت کی کھیپ ہے ۔پولیس کے مطابق قبضے میں لیے گئے ہاتھی دانت کا وزن قریبا 250 کلوگرام ہے ۔تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ یہ ہاتھی دانت افریقہ سے بحری جہاز کے ذریعے سمگل کر کے تھائی لینڈ لائے گئے تھے۔برآمد شدہ اشیا میں ہاتھی دانت کے ٹکڑے، تسبیح کے دانے، زیورات اور چاقوں کے دستے شامل ہیں۔گرفتار افراد پر غیر قانونی قبضے اور محفوظ جنگلی حیات کے اعضا کی تجارت کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔تھائی قانون کے تحت اس جرم کی سزا 10 سال قید، 10 لاکھ بھات جرمانہ یا یہ دونوں سزائیں بیک وقت ہو سکتی ہیں۔




