فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) سی سی ڈی اور ضلعی پولیس کے ساتھ مبینہ پولیس مقابلوں میں 6سالہ بچے اور خاتون کے قاتلوں سمیت 4ڈاکو اپنے انجام کو پہنچ گئے جبکہ کمسن بچوں سے نازیبا حرکات کرنیوالے ملزم کے نیفے میں پسٹل چل گیا، مضروب کو ہسپتال پہنچا دیا گیا۔ تفصیل کے مطابق تھانہ ساہیانوالہ کے ایس ایچ او انسپکٹر عاصم علی نے اپنی ٹیم کے ہمراہ سیم پل چنیوٹ روڈ پر ناکہ بندی کے دوران مشکوک موٹرسائیکل سواروں کو رُکنے کا اشارہ کیا تو ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی، پولیس نے جوابی فائرنگ بھی کی، فائرنگ کا تبادلہ رُکنے پر پولیس نے سرچ آپریشن کیا تو ایک ملزم زخمی حالت میں پڑا تھا جس کی شناخت خرم شہزاد ولد افتخار سکنہ 135 رب کے نام سے ہوئی، جسے تشویشناک حالت میں ہسپتال لایا جا رہا تھا کہ وہ راستے میں ہی دم توڑ گیا، پولیس نے نعش ہسپتال منتقل کر کے اس کے فرار ہونیوالے ساتھیوں کی تلاش شروع کر دی۔ مارا جانے والا ڈکیت نے 135 رب میں دوران واردات ادھیڑ عمر خاتون عذرا نسرین کو موت کے گھاٹ اتار دیا تھا۔ تھانہ صدر سمندری پولیس نے چند یوم قبل 6سالہ بچے علی احمد کو زیادتی کے بعد قتل کرنے والے ملزمان کی گرفتاری کیلئے 447 گ ب میں چھاپہ مارا تو ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی جبکہ ایس ایچ او عدنان نے ریسکیو15 پر کال کرتے ہوئے جوابی فائرنگ کر دی، تاہم ڈی ایس پی اور پولیس کی نفری بھی موقع پر پہنچ گئی، فائرنگ کا تبادلہ رُکنے پر پولیس نے سرچ آپریشن کیا تو دو ملزم زخمی حالت میں پڑے تھے جبکہ ان کے دیگر ساتھی موقع سے فرار ہو گئے، زخمی ملزمان کی شناخت نعمان اور شاہد کے نام سے ہوئی جنہیں تشویشناک حالت میں ہسپتال لایا جا رہا تھا کہ وہ راستے میں دم توڑ گئے۔ جبکہ سی سی ڈی جڑانوالہ کی ٹیم نے 105 گ ب کے قریب دو موٹرسائیکلوں پر سوار مشکوک افراد کو رُکنے کا اشارہ کیا تو ملزموں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی۔ سی سی ڈی نے جوابی فائرنگ کی، فائرنگ کا سلسلہ رُکنے پر پولیس نے سرچ آپریشن کیا تو ایک ملزم زخمی حالت میں پڑا تھا، جسکی شناخت وارث علی ولد بشیر احمد سکنہ 56 گ ب کے نام سے ہوئی جسے بھی ہسپتال لایا جا رہا تھا کہ وہ راستے میں ہی چل بسا جبکہ اس کے ساتھی رات کی تاریکی میں فرار ہو گئے۔ علاوہ ازیں تھانہ صدر کے علاقہ مکوآنہ کے قریب سی سی ڈی نے ملزم شہباز ولد طارق کی گرفتاری کیلئے چھاپہ مارا تو ملزم نے پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی دوڑ لگا دی اور اسی دوران اس کا پسٹل چل گیا اور وہ بری طرح زخمی ہو گیا۔ پولیس نے زخمی ملزم کو قابو کر کے طبی امداد کیلئے ہسپتال پہنچا دیا۔




