ٹھیکریوالہ(نامہ نگار)فیصل آباد میں غیر رجسٹرڈ پرائیویٹ سکولوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ، بلڈنگ فٹنس سرٹیفکیٹ لازمی قرار ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی فیصل آباد کے زیر اہتمام پرائیویٹ سکولوں سے متعلق مختلف ایجنڈا آئٹمز پر اہم اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (فنانس اینڈ پلاننگ) مدثر ممتاز ہرل نے کی۔اجلاس کے دوران چیف ایگزیکٹو آفیسر (ایجوکیشن) فیصل آباد رائو عبدالکریم نے ضلع بھر کے پرائیویٹ سکولوں سے متعلق انتظامی اور ریگولیٹری امور پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں رجسٹریشن، بلڈنگ سیفٹی، فیس ریگولیشن اور معائنہ کے طریقہ کار سمیت مختلف اہم امور پر غور کیا گیا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام تحصیلوں کے ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز (Dy. DEOs) اور اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسرز (AEOs) اپنے دائرہ اختیار میں غیر رجسٹرڈ پرائیویٹ سکولوں کا سروے کریں گے تاکہ بغیر رجسٹریشن چلنے والے اداروں کی نشاندہی کی جا سکے۔اجلاس میں اس امر پر بھی زور دیا گیا کہ تمام پرائیویٹ سکولوں کیلئے کمیونیکیشن اینڈ ورکس ڈیپارٹمنٹ (C&W) سے بلڈنگ فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کرنا لازمی ہوگا۔ ڈسٹرکٹ رجسٹرنگ اتھارٹی نے ضلع بھر میں پرائیویٹ سکولوں کی سو فیصد رجسٹریشن یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔سکولوں کی عمارتوں کی حالت اور حفاظتی اقدامات کا جائزہ لینے کیلئے تحصیل سطح پر خصوصی کمیٹیوں کی تشکیل کی منظوری بھی دی گئی۔ اجلاس میں غیر رجسٹرڈ سکولوں کے خلاف جرمانوں اور قانونی کارروائی کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا، خصوصا ایسے ادارے جو آڈٹ پیرا یا متعلقہ ڈپٹی ڈی ای اوز کی رپورٹس میں سامنے آئے۔اجلاس کے دوران بعض پرائیویٹ سکول انتظامیہ کی جانب سے سالانہ 5 فیصد سے زائد اضافی 3 فیصد فیس بڑھانے کی درخواستوں کا بھی جائزہ لیا گیا، جس پر متعلقہ قوانین اور حکومتی پالیسی کے مطابق غور کیا گیا۔اجلاس میں ڈسٹرکٹ رجسٹرنگ اتھارٹی کے افسران رائو عبدالکریم،محمد ذاکر،وسیم ساجد،عذرا نسرین، اور ممبران چوہدری ندیم سندھو،میاں شکیل احمد و دیگر نے شرکت کی۔




