فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) دو مختلف مقامات پر ٹریفک حادثات میں 2افراد لقمہ اجل بن گئے، پولیس نے نعشیں تحویل میں لیکر ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دیں۔ تفصیل کے مطابق تھانہ صدر کے علاقہ جڑانوالہ روڈ پر 16سالہ اسد علی موٹرسائیکل پر فیکٹری جا رہا تھا کہ راستے میں تیز رفتار ٹریکٹر ٹرالی کی ٹکر لگنے سے بری طرح زخمی ہو گیا، اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیم موقع پر پہنچی تو اسد علی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ چکا تھا۔ حادثے کا مرتکب ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا۔ جبکہ دوسرا حادثہ چک جھمرہ کے علاقہ سبزی منڈی موڑ کے قریب پیش آیا جہاں پر لیبر کالونی شیخوپورہ کا رہائشی 38سالہ نثار احمد ولد محمد انور موٹرسائیکل پر جا رہا تھا کہ تیز رفتاری کے باعث موٹرسائیکل بے قابو ہو کر فٹ پاتھ سے ٹکرا گیا اور سر میں شدید چوٹیں آئیں، حادثہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو1122 کی ٹیم موقع پر پہنچی تو نثار احمد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ چکا تھا۔ تاہم پولیس نے نعشیں تحویل میں لیکر ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دیں۔




