مویشی منڈی نیاموآنہ میں2گروپوں میں جھگڑا،6افراد لہولہان

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) مویشی منڈی نیاموآنہ میں جانوروں کے چارہ پر دو گروپوں میں جھگڑا’ ڈنڈوں اور سوٹوں کے وار کر کے دونوں گروپوں کے تین بھائیوں سمیت چھ افراد بری طرح زخمی ہو گئے جنہیں طبی امداد کی غرض سے ہسپتال پہنچا دیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ نیاموآنہ مویشی منڈی میں سکھر کے بیوپاری ثناء اﷲ بلوچ جانوروں کا چارہ لینے ٹال پر گیا جہاں پر جانوروں کے تنازعہ پر جڑانوالہ کے جاوید کے ساتھ جھگڑا ہو گیا تو دونوں گروپوں کے مشتعل افراد نے ایک دوسرے پر ڈنڈوں اور سوٹوں سے حملہ کر دیا۔ ڈنڈے لگنے سے سکھرکے بیوپاری ثناء اﷲ ولد منظور’ سعید امداد ولد حسین’ شمشاد ولد مور خان’ امین ولد مور خان’ ایمان اللہ ولد مور خان’ ثناء اللہ ولد منظور حسین اور جڑانوالہ کا جاوید رضا ولد اشفاق احمد بری طرح زخمی ہو گئے، موقع پر موجود افراد نے بیچ بچائو کرایا۔ تاہم اطلاع ملتے ہی ریسکیو1122 ٹیم نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرتے ہوئے ہسپتال پہنچایا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں