کمشنر کے بعد ڈی سی کا دورہ بھی بے سود،مویشی منڈی نیاموآنہ میں ٹھیکیدار کی لوٹ مار جاری

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈویژنل کمشنر کے بعد ڈپٹی کمشنر کا بھی دورہ بے سود’ مویشی منڈی نیاموآنہ میں ٹھیکیدار کی لوٹ مار جاری’ سہولیات کا فقدان بھی برقرار’ خریداروں اور بیوپاریوں کی مشکلات کم نہ ہو سکیں۔ تفصیلات کے مطابق مویشی منڈی نیاموآنہ میں خریداروں اور بیوپاریوں سے زائد فیس وصولی کی شکایات کے بعد ڈویژنل کمشنر محترمہ مسرت جبیں نے منڈی کا دورہ کرتے ہوئے ٹھیکیدار کو ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مقرر کردہ فیس وصولی اور تمام سہولیات فراہمی کا حکم دیا۔ گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے بھی مویشی منڈی نیاموآنہ کا دورہ کیا اور فی جانور فیس 1000 روپے وصول اور مقررہ فیس کا شیڈول نمایاں جگہ پر آویزاں کرنے اور اوورچارجنگ کی روک تھام کیلئے ریونیو ڈیپارٹمنٹ اور سول ڈیفنس کے عملہ کی ڈیوٹی لگانے کا حکم دیا۔ منڈی میں صفائی ستھرائی کا معیار اور تمام سہولیات بہتر بنانے کا حکم دیا۔ ایک سروے کے مطابق مویشی منڈی نیاموآنہ میں ڈویژنل کمشنر اور ڈپٹی کمشنر کے احکامات پر کوئی عملدرآمد نہیں کیا گیا، فیس میں کوئی کمی نہیں ہوئی۔ بااثر ٹھیکیدار کی جانب سے دھڑلے سے اوورچارجنگ جاری ہے بلکہ پہلے سے زائد فیس وصول کی جا رہی ہے۔ منڈی میں سہولیات کی فراہمی پر بھی کوئی توجہ نہیں دی گئی۔ پوری منڈی میں پینے کا پانی میسر نہیں’ شدید گرمی میں بیوپاری اور خریدار پیاس سے نڈھال ہو رہے ہیں۔ پبلک ٹوائلٹ کا بھی کوئی انتظام نہیں کیا گیا۔ کھانے پینے کی اشیاء انتہائی غیر معیاری اور مضرصحت فروخت ہو رہی ہیں۔ ریونیو ڈیپارٹمنٹ سول ڈیفنس کے اہلکاروں کی بھی کوئی ڈیوٹی نہیں لگائی گئی، سکیورٹی بھی برائے نام ہے، پارکنگ کا نظام بھی جوں کا توں ہے، ٹھیکیدار کی کھلے عام غنڈہ گردی اور لوٹ مار جاری ہے انہیں کوئی پوچھنے والا نہیں ہے۔ شہری حلقوں نے وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر نوٹس لیکر مویشی منڈی نیاموآنہ میں ٹھیکیدار کی لوٹ مار بند اور سہولیات کی فراہمی کیلئے اقدامات کا حکم دیں تاکہ بیوپاریوں اور خریداروں کی مشکلات کم ہو سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں