وزیراعظم کا دورہ چین،5ارب ڈالرز کے معاہدے ہونگے

اسلام آباد (بیورو چیف)24سے 26مئی تک وزیراعظم کے دورہ چین کے موقع پر 5ارب ڈالر مالیت کے سو سے زائد ایم او یوز سائن کئے جائیں گے، ،90فیصد بزنس ٹو بزنس اور 10فیصد گورنمنٹ ٹو بزنس ایم او یوز پر سائن کیلئے تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔دورے کے دوران وزیراعظم چینی صدر اور وزیراعظم سے ملاقات کریں گے جس میں خطے کی کشیدہ صورتحال پر بات چیت ہو گی، وزیراعظم کے دورہ چین کے موقع پر زراعت، پولٹری، ڈیری فارمنگ، فروٹس اینڈ ویجی ٹیبل پراسیسنگ، اینیمل ویکسین، فشریز، کولڈ چین، فرٹیلائزر، بیج، زرعی ادویات، آئی ٹی، فن ٹیک، ای کامرس، کلاڈ کمپیوٹنگ، ٹیلی کمیونیکیشن ،انڈسٹریل، سیل فونز و لیپ ٹاپ بیٹریز، الیکٹریکل وہیکل پارٹس، ای وی چارجنگ سٹوریج کے ایم او یوز پر دستخط ہونگے۔ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم شہبازشریف نے معاون خصوصی ہارون اختر خان کی زیرصدارت ہائی لیول کمیٹی قائم کی ہے جو تمام ایم او یوز پر پیشرفت اور عملدرآمد کا ہفتہ وار بنیادوں پر جائزہ لے گی۔وزیر توانائی، وزیر پٹرولیم، معاون خصوصی صنعت و پیداوار، وزیر آئی ٹی، وزیر فوڈ سکیورٹی و ریسرچ دورہ کے دوران وزیراعظم کیساتھ ہونگے۔ذرائع کے مطابق 24مئی کو وزیراعظم بزنس ٹو بزنس ایم او یوز کی دستخط کی تقریب میں شریک ہونگے جبکہ 25مئی کو بیجنگ میں اہم ملاقاتیں اور میٹنگز شیڈول ہیں۔وزیراعظم 26مئی کو دورہ چین مکمل کر کے وطن واپس پہنچیں گے۔دورہ چین کی تیاریوں کے باعث بجٹ پراسیس میں تبدیلی ہوئی ہے آئندہ مالی سال کیلئے وفاقی بجٹ 5جون کو پیش ہونے کا امکان ہے، جبکہ قومی اقتصادی سروے 4جون کو پیش کرنے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔ذرائع کے مطابق دورہ چین سے واپسی پر نیشنل اکنامک کونسل اجلاس وزیر اعظم کی زیرصدارت 3جون کو ہو سکتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں