جڑانوالہ(نامہ نگار) بچیانہ میں مبینہ دوہرے قتل کی لرزہ خیز واردات،چک نمبر 566 گ ب کے کھیتوں سے سوتیلی بہن اور بھائی کی لاشیں برآمد،علاقے میں خوف و ہراس اور سنسنی پھیل گئی،مقتولین کو قتل کرکے خود کشی کا ڈرامہ رچانے کی کوشش۔مقتولین کی حقیقی والدہ اور سوتیلے باپ سمیت 5 نامزد اور 2 نامعلوم ملزمان کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرکے والدہ اور والد سمیت تین ملزمان کو گرفتار کرلیاگیا۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ بچیانہ پولیس کو چک نمبر 566 گ ب کے کھیتوں میں دو لاشیں موجود ہونے کی اطلاع ملی،جس پر ایس پی جڑانوالہ اور ایس ایچ او تھانہ بچیانہ نفری کے ہمراہ فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچے اور پی ایف ایس اے ٹیم کے ہمراہ وہاں سے شواہد اکٹھے کرتے ہوئے لاشوں کو تحویل میں لے کر ضروری کاروائی کیلئے ہسپتال منتقل کردیا۔پولیس کے مطابق سوتیلے بھائی واصف عرف ملنگی بعمر 18سال کی لاش درخت سے لٹک رہی تھی جبکہ اس کی سوتیلی بہن فاطمہ بعمر 13سال کی لاش قریبی زمین پر پڑی ہوئی پائی گئی۔ پولیس تھانہ بچیانہ نے واصف عرف ملنگی کے حقیقی والد کی مدعیت میں مقتولین کی حقیقی والدہ نصرت اس کے شوہر محمد ارشد،نصیر ولد غلام رسول،اسلم اور عبدالرزاق پسران محمد بوٹا سمیت 2 نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔جس میں مدعی مقدمہ نے موقف اختیار کیا کہ میری سابقہ بیوی نصرت بی بی نے فرار ہوکر ارشد کے ساتھ شادی کرلی تھی جس کے بطن سے میرا ایک بیٹا واصف عرف ملنگی پیدا ہوا تھا جبکہ بعد ازاں ارشد سے ایک بیٹی فاطمہ پیدا ہوئی۔ اور میرا بیٹا بھی اپنی حقیقی والدہ نصرت کے پاس چلا گیا جو گذشتہ مہینوں ناراض ہوکر اپنی سوتیلی بہن فاطمہ کے ہمراہ واپس میرے پاس آ گئے جس کی بابت فاطمہ کے والد ارشد نے تھانہ بچیانہ میں اس کے اغوا کا مقدمہ بھی درج کروا رکھا تھا اور بعد ازاں بذریعہ عدالت بہلا پھسلا کر اپنی بیٹی فاطمہ منا کر واپس گھر لے کر آیا تھا،جس کے بعد سوتیلے بہن بھائیوں کے قتل کا یہ لرزہ خیز واقعہ پیش آیا۔مدعی مقدمہ کے مطابق ملزمان نے میرے حقیقی بیٹے واصف عرف ملنگی اور سوتیلی بیٹی فاطمہ کو قتل کرکے ان کی لاشیں دور کھیتوں میں درخت سے لٹکاکر قتل کی واردات کو چھپانے اور اس وقوعہ کو خودکشی کا ڈرامہ کرنے کی ناکام کوشش کی گئی۔پولیس تھانہ بچیانہ نے وقوعہ میں ملوث مقتولین کی حقیقی والدہ نصرت، والد ارشد اور اس کے ساتھ نصیر کو گرفتار کرکے کاروائی شروع کردی ہے۔ ایس ایچ او تھانہ بچیانہ سہیل اسلم بلوچ کا کہنا ہے کہ ملزمان کسی رعائیت کے مستحق نہیں ان کے خلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔




