تحصیل ہسپتال میں صفائی کی ابتری پر ٹھیکیدار کو1لاکھ جرمانہ

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) کمشنر فیصل آباد مسرت جبیں نے تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال تاندلیانوالہ میں صفائی کی ناقص صورتحال پر پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ کے ٹھیکیدار کو ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کردیا۔دورہ تاندلیانوالہ کے دوران کمشنرہسپتال پہنچی جہاں صفائی کی صورتحال تسلی بخش نہ ہونے پر جرمانہ کیا۔انہوں نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں صفائی کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔انہوں نے میڈیکل سپرنٹندنٹ کو صفائی کا معیار بہتر بنانے کی وارننگ بھی جاری کی۔انہوں نے ہسپتال کے لان کی تزئین وبحالی کی ہدایت کرتے ہوئے میڈیسن سٹور میں ادویات کی دستیابی اور ریکارڈ چیک کیا۔کمشنر نے وارڈز میں زیرعلاج مریضوں کی عیادت،ادویات ہسپتال سے ملنے کی تصدیق کی اور ویٹنگ ایریا میں بیٹھے مریضوں و لواحقین سے ہسپتال کی کارکردگی دریافت کی۔انہوں نے مشینری کے فعال ہونے کو چیک کیا اور کہا کہ ڈویژن کے ہسپتالوں کو شکایت فری بنانا ترجیح ہے جس کے لئے انسپکشن کا عمل جاری رہے گا۔کمشنر نے تحصیل تاندلیانوالہ میں 4۔ارب روپے سے پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت سیوریج و سٹورم واٹر ڈرینج سسٹم کی بہتری کے جاری کاموں پر بریفنگ بھی لی اورمرحلہ وار تعمیراتی کام کو مقررہ ٹائم فریم میں شفافیت کے ساتھ مکمل کرنے کا حکم دیا۔اس موقع پر بتایا گیا کہ پی ڈی پی کے تحت سیور لائن بچھانے کے علاوہ ڈسپوزل اسٹیشن کی تعمیر،مشینری کی خریداری،ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ،سٹورم واٹر ڈرینج سسٹم،پارکنگ شیڈز ودیگر کام جون2027 تک مکمل ہونگے جس کی بدولت سیوریج کے دیرینہ مسائل حل ہوجائیں گی۔کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنر آفس میں افسران کے اجلاس کی صدارت کی اورمختلف مدات میں ریکوری کے اہداف میں سست روی پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا کہ30 جون تک ٹارگٹس مکمل نہ ہونے پر متعلقہ ریونیو افسران کو چارج شیٹ کردیا جائے گا۔انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر کو ریونیو افسران سے روزانہ میٹنگ کرکے ٹارگٹ مکمل کرانے کا حکم دیا۔کمشنر نے تاندلیانوالہ شہر میں صفائی کا معیار بہتر بنانے کی تاکید کی اورشہر میں نہر کنارے روڈ سمیت دیگر شاہرات پر تجاوزات کے خاتمہ،خوبصورت پودے لگانے کا حکم دیا۔انہوں نے کروو سٹونز کو پینٹ کرانے کا ہدف تفویض کیا اور کہا کہ علاقائی خوبصورتی واضح نظر آنی چاہیے۔کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنر سے کہا کہ عوامی مسائل تحصیل سطح پر حل کرنے پر توجہ دی جائے تاکہ سائلین کو دور دراز سفر نہ کرنا پڑے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات پر وہ ڈویژن کی تحصیلوں کے دورے کررہی ہیں لہذا افسران اپنی ذمہ داریوں کا ادراک کریں تاکہ کسی بھی ایکشن کی نوبت نہ آئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں