اسلام آباد (بیورو چیف)بہتر مستقبل اور روزگار کی تلاش میں رواں سال کے ابتدائی 4ماہ کے دوران ڈھائی لاکھ پاکستانی بیرون ملک چلے گئے۔اعداد و شمار کے مطابق بیرون ملک جانے والوں میں ڈیڑھ لاکھ مزدور، ایک ہزار سے زائد ڈاکٹرز، دو ہزار انجینئرز، 1600سے زائد اکائونٹنٹس اور 500سے زائد آئی ٹی ماہرین بھی شامل ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ایک لاکھ چ36ہزار 488پاکستانیوں نے سعودی عرب کا رخ کیا،متحدہ عرب امارات جانے والوں کی تعداد میں بھی گزشتہ سال کے مقابلے میں اضافہ دیکھا گیا۔ دستاویزات کے مطابق گزشتہ سال مجموعی طور پر 52ہزار 500پاکستانی دبئی گئے تھے جبکہ رواں سال صرف 4ماہ میں ہی 50ہزار پاکستانی دبئی روانہ ہو چکے ہیں۔قطر کیلئے 25ہزار 500، بحرین کیلئے 10ہزار 129پاکستانی گئے جبکہ ترکیہ میں 3ہزار، برطانیہ میں 1100اور امریکا میں 300پاکستانیوں نے روزگار حاصل کیا۔دستاویزات کے مطابق 850پاکستانی چین، 1286یونان، 1283عراق جبکہ 577پاکستانی جاپان منتقل ہوئے۔




