لاہور (بیورو چیف)پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کے 75سال مکمل ہونے پر لاہور میں ایک تاریخی اور پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جہاں دونوں ممالک کی دیرینہ دوستی، تعاون اور مشترکہ ترقی کے سفر کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ چینی قونصل جنرل، حکومتی شخصیات، اسلام آباد سے آئے مہمانوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب اور چینی قونصل جنرل نے مشترکہ طور پر کلچرل نمائش کا افتتاح کیا، جبکہ مریم اورنگزیب نے پاک چین سفارتکاری، سی پیک اور تاریخی تعلقات پر مبنی تصویری جھلکیوں اور خصوصی گیلریز کا تفصیلی معائنہ بھی کیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ آج پاکستان اور چین کی دوستی کی ایک تاریخی سالگرہ منائی جا رہی ہے، جو محض دو ہمسایہ ممالک کا تعلق نہیں بلکہ اعتماد، اخلاص اور قربانیوں پر مبنی ایک لازوال رشتہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاک چین دوستی ہمالیہ سے اونچی، سمندر سے گہری، شہد سے میٹھی اور اسٹیل سے زیادہ مضبوط بن چکی ہے، یہی وجہ ہے کہ دنیا اسے ہر موسم کی دوستی قرار دیتی ہے۔سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ یہ تعلق شاہراہِ ریشم کے تاریخی ورثے سے جڑا ہوا ہے اور وقت کی ہر آزمائش پر پورا اترا ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ 2015ء پاک چین تعلقات میں ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوا، جب صدر شی جن پنگ کے دورہ پاکستان کے دوران چین پاکستان اقتصادی راہداری کا اعلان کیا گیا۔ مریم اورنگزیب کے مطابق 2013 کے انتخابات کے بعد صدر شی جن پنگ نے سابق وزیراعظم نواز شریف سے وعدہ کیا تھا کہ وہ پاکستان کیلئے ایک تحفہ لائیں گے اور وہ تحفہ سی پیک کی صورت میں سامنے آیا۔انہوں نے کہا کہ صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان تعلقات صرف سفارتکاری تک محدود نہیں بلکہ ذاتی اعتماد اور قریبی شراکت داری کی مثال ہیں۔ ان کے مطابق وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں یہ تعاون اب پنجاب کی معاشی جدید کاری، زرعی ترقی، گرین انفرااسٹرکچر، سمارٹ سٹیز اور صنعتی شعبے تک پھیل رہا ہے۔ پنجاب حکومت نے چینی صوبوں کے ساتھ جدید زراعت، فضائی معیار بہتر بنانے، زرعی میکانائزیشن اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون کی نئی پیشکشیں بھی کی ہیں۔تقریب کے شرکا نے اس بات پر زور دیا کہ پاک چین تعلقات اب صرف حکومتی سطح تک محدود نہیں رہے بلکہ یہ دوستی گھروں اور نسلوں تک منتقل ہو چکی ہے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ میری نانی اور والدہ بھی پاک چین دوستی کا ذکر کرتی تھیں اور اب ہم اپنے بچوں کو یہ رشتہ سمجھاتے ہیں۔انہوں نے لاہور کے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ میوزیم میں لگائی گئی اس خصوصی نمائش کا دورہ کریں کیونکہ یہ نمائش پاک چین دوستی کے 75 سالہ سفر، مشترکہ کامیابیوں اور مستقبل کے وژن کی عکاسی کرتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ 75 سال صرف ماضی کی یاد نہیں بلکہ مشترکہ مستقبل کی نئی شروعات ہیں۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ چین نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا، چاہے وہ آپریشن بنیان المرصوص ہو یا معرکہ حق، دونوں ممالک ہمیشہ ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ 25مئی کو ایکسپو سینٹر لاہور میں بھی پاک چین دوستی کی 75ویں سالگرہ کے حوالے سے خصوصی جشن منایا جائے گا، جس میں وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف شرکت کریں گی۔تقریب کے اختتام پر پاکستان زندہ باد اور پاک چین دوستی پائندہ باد کے نعروں سے فضا گونج اٹھی، جبکہ شرکا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کا یہ رشتہ آئندہ بھی امن، ترقی اور خوشحالی کی ضمانت بنا رہے گا۔




