فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) پنجاب بار کونسل چیئرمین فنانس کمیٹی میاں عبدالقدیر نے سابق صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن فیصل آباد شاہد منیر ایڈووکیٹ کی جانب سے قرضہ کی رقم جمع کروانے پر وکالتی لائسنس بحال کر دیا۔ یاد رہے کہ ڈسٹرکٹ بار فیصل آباد کی طرف سے پنجاب بار کونسل کی فنانس کمیٹی کو مراسلہ ارسال کیا گیا تھا کہ فیصل آباد بار ایسوسی ایشن کے بعض سابق صدر وسیکرٹری او وکلاء نے بار کے فنڈز سے قرضہ لیکر واپس نہیں کیا ، جس پر پنجاب بار کونسل نے قرضہ کی رقم واپس نہ کرنے والے وکلاء کے لائسنس معطل کر دیئے تھے۔ تاہم سابق صدر ڈسٹرکٹ بار شاہد منیر ایڈووکیٹ نے 34لاکھ 25ہزار قرضہ کی رقم واپس کر دی۔ اس سے قبل سابق صدر بار بلال اشرف بسرا ایڈووکیٹ نے بھی اپنے زیرقرض کی رقم جمع کروا دی تھی جبکہ محمود عنایت باجوہ ایڈووکیٹ نے قرض کی رقم اقساط میں جمع کروانے کی یقین دہانی کرتے ہوئے ایک لاکھ 60ہزار کی قسط جمع کروا دی ہے۔ علاوہ ازیں سابق صدر ایس ایم اقبال ایڈووکیٹ اور راجہ عابد سرفراز ایڈووکیٹ کو کہا گیا ہے کہ وہ تین دن کے اندر اپنے زیرقرض کی رقم ادا کریں ورنہ ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔




